اعلی تعلیمی ادارے قوم کی معاشی زندگی سنوارنے اور نت نئی ایجادات متعارف کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،اقبال ظفر جھگڑاگورنر خیبرپختونخوا

پیر 13 نومبر 2017 17:46

اعلی تعلیمی ادارے قوم کی معاشی زندگی سنوارنے اور نت نئی ایجادات متعارف ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) خیبر پختونخوا کے گورنرانجینئراقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اعلی تعلیم کے ادارے اقوام کی خصوصا معاشی زندگی سنوارنے اور نت نئی ایجادات متعارف کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے اس واحد پہلو کہ بنا پر زندگی کی آسائشیں اور سہولیات میں بھی جدت پیدا ہو گئی ہے۔

پیر کے روز مانسہرہ میں ہزارہ یونیورسٹی کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہو ئے گورنر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں نے وقت کے تقاضوں کے مطابق تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ اور صنعتی شعبے کے ساتھ قریبی روابط کے بدولت متعلقہ ممالک کی مجموعی قومی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا ہے جس کی بصورت دیگر ما ضی میں کو ئی توقع نہ تھی۔

(جاری ہے)

تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف ، اراکین صوبائی اسمبلی نوابزادہ ولی محمد، عبدالستار، ضلع ناظم سردار سید غلام ، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹرمحمدادریس، فیکلٹی اراکین، طلباء وطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ تقریب میں پی ایچ ڈی، ایم فل، ایم اے ، ایم ایس سی اور بی ایس سی کے 300 گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں جن میں 103 طلباء وطالبات کو شاندارکارکردگی پرگولڈمیڈلزبھی دیئے گئے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کی جانب سے پیش کی گئی ادارے کی سالانہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہو ئے گورنر نے جو کہ صوبے میں سرکاری شعبے کی یونیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں بھی نئی یونیورسٹیوں کے قیام کی صورت اعلی تعلیم کے شعبے کو وسائل کے مطابق سرمایہ فراہم کیا جا رہا ہے۔گورنر نے اعلی تعلیم کے اداروں اور پیداواری شعبوں خصوصا زراعت، کیمیکلز،ادویات، ٹیکسٹائلز ،خورد و نوش وغیرہ سے وابستہ صنعتوں کے مابین جدید تیکنیکی ایجادات کی بنیاد پر سودمند تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس کی بدولت یقینا پیداواری شعبے کی افادیت میں اضافہ ہوگا اور زرعی اور صنعتی ترقی ممکن ہو گی۔

ادارے کی جغرافیائی اہمیت کا ذکر کرتے ہو ئے گورنر نے کہا کہ اس میں ایک عمدہ تعلیمی ما حول دستیاب ہو نے کی تمام خصوصیات دستیاب ہیںاوریہی وجہ ہے کہ تعلیمی و تحقیقی شعبوں میںقسمت آزمانے کے خواہشمند طلبا ء وطالبات اس جا نب رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرامن ماحول کی تمنا کا ہی نتیجہ ہے اس کیمپس میں زیر تعلیم طلبا ء و طالبات کی تعداد تیرہ ہزار کو پہنچ چکی ہے جبکہ اساتذہ کی تعداد 365 ہے۔

گورنر نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے زیر اہتمام قومی اور بین الاقوامی سطح کی کانفرنسوں کے انعقاد کو بھی سراہا اور کہا کہ اس کی بنا پر اس ادارے کو صوبہ بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں قابل ذکر مقام حاصل ہے۔گور نر نے یونیورسٹی کے زیر اہتمام جاری پی۔ایچ۔ڈی اور ایم فل پروگراموں کی کامیاب پیش رفت کو بھی سراہا اور کہا کہ اس ادارے سے فا رغ التحصیل سکالرز آج مختلف شعبوں میں اپنی نمایاں کامیابیوں کی بدولت ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔

گورنر نے فارغ التحصیل طلباء و طالبات خصوصا نمایاں کامیابیوں کی بنا پر طلائی تمغے حاصل کر نے والوں کو مبارکباد دی اور انکے لئے نیک تمنا ئوں کا اظہار کیا ۔قبل ازیں گورنر نے فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء و طالبات کو اسناد اور طلائی تمغے عطا کئے۔

متعلقہ عنوان :