سندھ اسمبلی ،پوزیشن ارکان کا ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا کے رویہ کے خلاف زبردست احتجاج

ایوان میں شور شرابہ اور ہنگامہ ہوا اور ایک مرحلے پر ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا ، شور شرابے میں وقفہ سوالات 5منٹ میں نمٹادیا گیا وقفہ سوالات کے دوران اکثر کورم پورا نہیں ہوتا ۔ خدارا وقفہ سوالات میں کورم کو نہ چھپایا جائے ،نصرت سحرعباسی ، صرف ان کو واک آؤٹ کرنا ہے،شہلا رضا

پیر 13 نومبر 2017 17:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) سندھ اسمبلی میں پیر کو اپوزیشن ارکان نے ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا کے رویہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا ، جس کی وجہ سے ایوان میں شور شرابہ اور ہنگامہ ہوا اور ایک مرحلے پر ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا ۔ شور شرابے میں وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس کا وقفہ 5 منٹ میں نمٹا دیا گیا۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو سوا گھنٹہ تاخیر سے صبح سوا 11 بجے ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا کی صدارت میں شروع ہوا ۔ وقفہ سوالات کے آغاز پر پاکستان مسلم لیگ ( فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے کھڑے ہو کر کہا کہ وقفہ سوالات کے دوران اکثر کورم پورا نہیں ہوتا ۔ خدارا وقفہ سوالات میں کورم کو نہ چھپایا جائے ۔ 3 ، 4 سال پرانے سوالوں کے جوابات ایوان میں پیش کیے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اتنی تاخیر کی وجہ سے سوال پوچھنے کا مقصد ہی ختم ہو جاتا ہے ۔ میں اس معاملے کی بارہا نشاندہی کر چکی ہوں ۔ مگر سوالوں کے جوابات تاخیر سے ہی دیئے جاتے ہیں ۔ میں اس پر احتجاجاً واک آؤٹ کرتی ہوں ۔ یہ کہہ کر وہ ایوان سے باہر چلی گئیں ۔ سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ نصرت سحر سوالوں کے جوابات سن کر واک آؤٹ کریں تو بہتر ہے ۔ ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا نے کہاکہ ان کو واک آؤٹ کرنا ہے ۔

کسی اور رکن کو شکایت نہیں ہے ۔ صرف نصرت سحر عباسی کو ہی شکایت ہے ۔ اپوزیشن کے دیگر ارکان نے نصرت سحر عباسی کی تائید میں بولنے اور ضمنی سوالات کرنے کی کوشش کی تو ڈپٹی اسپیکر نے انہیں نہیں بولنے دیا ۔ ایم کیو ایم کے صابر حسین قائم خانی او رڈپٹی اسپیکر میں تکرار ہوئی ۔ ڈپٹی اسپیکر نے صابر قائم خانی سے کہا کہ وہ اپنی سیٹ پر بیٹھ جائیں یا میں انہیں بٹھاؤں ۔

اس دوران ایم کیو ایم کے دیگر ارکان بھی کھڑے ہو گئے اور ایوان میں زبردست شور شرابہ ہوا ۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا کہ اپوزیشن ارکان خاموش ہو کر بیٹھ جائیں ، ورنہ میں اپنے اختیارات کا استعمال کروں گی ۔ اپوزیشن ارکان نے ڈپٹی اسپیکر سے شکوہ کیا کہ ان کا رویہ تلخ ہے ۔ شور شرابے میں ڈپٹی اسپیکر نے وقفہ سوالات ختم کر دیا ۔ بعد ازاں توجہ دلاؤ نوٹس کا وقفہ شروع ہوا تو تحریک انصاف کی ڈاکٹر سیما ضیاء اپنے توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کرنے لگیں ۔

ان کی بات طویل ہوئی تو ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے ان سے کہا کہ وہ فالتو باتیں نہ کریں ، صرف اپنے توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کریں ۔ اس پر بھی اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا ۔ ڈپٹی اسپیکر نے اپوزیشن ارکان کے مائک بند کر دیئے ۔ اپوزیشن ارکان نے اپنی نشستوں سے آگے آ کر اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج شروع کر دیا ۔ ڈپٹی اسپیکر نے توجہ دلاؤ نوٹس کا وقفہ بھی ختم کر دیا ۔

بعد ازاں تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کی تحریک التواء کی باری آئی لیکن وہ ایوان میں موجود نہیں تھے ۔ اس طرح تحریک التواء پر بھی بات نہ ہو سکی ۔ اپوزیشن کے ارکان کے احتجاج کی وجہ سے ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا ۔ ڈپٹی اسپیکر چیخ چیخ کر اپوزیشن ارکان سے کہتی رہیں کہ وہ خاموشی سے بیٹھ جائیں ، ورنہ وہ اپنے اختیارات استعمال کریں گی ۔ اس کے بعد سینئر وزیر خوراک و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کارخانوں اور دیگر اداروں میں کارکنوں کے تحفظ اور صحت کا بل متعارف کرایا ۔ ’’ سندھ اکوپیشنل ( Occupational ) سیفٹی اینڈ ہیلتھ بل 2017 ‘‘ پر بدھ کو غورکیا جائے گا اور اس کی منظوری بھی دی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :