دینی جماعتوں کا اتحاد و ایم ایم اے کی بحالی کا اعلان خوش آئند ہے ، سیکولر ز اورلبرل کا راستہ روکنے کیلئے دینی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ناگزیر ہے، امیر جماعت اسلامی پشاور صابرحسین اعوان

پیر 13 نومبر 2017 17:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 نومبر2017ء) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کی بحالی کا اعلان خوش آئندہے ،حالات اور وقت کا تقاضا ہے کہ تمام دینی قیادت ، دینی جماعتیں اور نظریہ اسلام پر یقین و ایمان رکھنے والے متحد ہو جائیں ، پوری قوم کو لائحہ عمل دیں اور پاکستان کے اسلامی نظریاتی کردار کی حفاظت کریں ،سیکولر ز اورلبرل کا راستہ روکنے کے لیے دینی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ناگزیر ہے،دینی جماعتوں کا اتحاد ملک بھر کے محب دین عوام کی خواہش و مطالبہ ہے، بروز پیر انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی دینی قوتوں کے اتحاد کا بہترین موقع ہوگی جس سے ملک میں بین المسالک ہم آہنگی کے ساتھ دینی جماعتوںکے ووٹ بینک کا بہترین استعمال بھی ہوگا اور جمہوری قوتیں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے پارلیمنٹ میں کردار ادا کرسکیں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مسلمانوں کی تاریخ گواہ ہے کہ مسلمان جب بھی متحد اور یکجا ہوئے دشمن انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکا آج بھی مسلمانوں کی طاقت مسلمانوں کے اتحاد ویکجہتی پر منحصر ہے، تمام مکاتب فکر اورمسالک کی طرف امن،محبت اور اخوت کے پیغام کو عام کریں گے ، آپس میں اتحاد ویکجہتی کی فضاقائم کریں گے اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے ۔