مشرق وسطی اور عرب دنیا کی صورتحال مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے ‘ طاہر محمود اشرفی

ارض الحرمین الشریفین کے امن اور سلامتی سے کھیلنے والی قوتوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا

پیر 13 نومبر 2017 17:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) مشرق وسطیٰ اور عرب دنیا کی صورتحال مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، ایران ، عراق میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر پوری پاکستانی قوم غمزدہ ہے ، لبنان کے وزیر اعظم کا استعفیٰ اور عرب ممالک میں ہونے والی مداخلت قابل افسوس ہے ، ارض الحرمین الشریفین کے امن اور سلامتی سے کھیلنے والی قوتوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی صورتحال پر اسلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس بلایا جانا چاہیے ، ایران اور عرب ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال کے حل کیلئے پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر میزائل حملہ اور حوثی باغیوں کی امداد کرنے والی قوتوں کے خلاف عالم اسلام اور عالمی دنیا کو ایکشن لینا چاہیے ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مسلم امہ کے مسائل کا حل وحدت امت میں ہے اور اتحاد امت سے ہی مسلم امہ اپنے زوال کو عروج میں تبدیل کر سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عراق اور ایران میں زلزلے سے ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم اور مصیبت کے ان لمحات میں پاکستانی قوم عراق اور ایران کی عوام کے ساتھ ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ مصیبت کے ان لمحات کو ختم کرے اور مسلم امہ کو محفوظ اور طاقتور بنا دے ۔

متعلقہ عنوان :