نامور شاعر حسن عباس رضا کی کتاب ’’سراپا نگاری‘‘ شائع ہو گئی

پیر 13 نومبر 2017 17:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2017ء) نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام اساتذہ اور سینئر شعراء کے کلام کے انتخاب پر مبنی مجموعوں کی اشاعت کے ساتھ ساتھ معروف موضوعات کے بہترین اور چُنیدہ اشعار کے مجموعہ بھی ایک تسلسل سے شائع ہو رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں نامور شاعر حسن عباس رضا کی مرتب کی ہوئی منفرد اور دلچسپ موضوع کی حامل ’’اسمارٹ سیریز‘‘ کی 144 صفحات کی کتاب ’’سراپا نگاری‘‘ دیدہ زیب سرورق اور عمدہ تزئین و طباعت کے ساتھ شائع ہو گئی ہے۔

یہ ایک ایسا موضوع ہے جو اردو شاعری کے ہر قاری کے لیے دلچسپی کا حامل ہے جبکہ بیت بازی میں حصے لینے والوں کے لیے بھی بہت مدد گار ہے ۔ اس کتاب کے مرتب اور صاحبِ طرز شاعر عباس رضا اردو غزل کے نوجوان نسل کے نمائندہ شاعروں میں شمار ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بڑی گہرائی اور عرق ریزی سے کلاسیکی شعراء سمیت عصرِ حاضر کے ممتاز شاعروں کے خوبصورت اشعار بھی اپنے اس انتخاب میں شامل کیے ہیں۔

انہوں نے سر سے پائوں تک انسانی اعضاء پر لکھے گئے شعر منتخب کیے ہیں جن میں سًر، زلفیں، گیسو، ابرو، پیشانی، پلکیںِ چشم، لب و رخسار، جگر اور کلیجہ ، دل ، روح، بانہیں ، دست و بازو، کمر ، پائوں اور دوسرے قابلِ ذکر اعضا شامل ہیں۔ کتاب کی قیمت120/-روپے ہے جسے ریڈر بُک کلب کے ممبران 55فیصد ڈسکائونٹ پر صرف54/-روپے میں حاصل کر کے اپنی ذاتی لائبریری کی زینت بنا سکتے ہیں۔