عدم ادائیگی کے سبب کے ایم سی کو پٹرول کی فراہمی بند

بلدیہ عظمی کے زیراہتمام محکمہ جات کا تمام تر کام رک گیا ہے فائر بریگیڈ بھی نہیں چل سکے گی

پیر 13 نومبر 2017 16:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء)واجبات کی عدم ادائیگی پرکراچی کے تمام پیٹرول پمپس نے بلدیہ عظمی کراچی کو پیٹرول کی فراہمی بند کردی ۔بلدیہ عظمی کے زیراہتمام محکمہ جات کا تمام تر کام رک گیا ہے ،ْ فائر بریگیڈ بھی نہیں چل سکے گی۔تفصیلات کے مطابق دو ماہ سے واجبات کی عدم ادائیگی کے سبب شہر بھر کے تمام پٹرول پمپس نے متفقہ طورپر بلدیہ عظمی کو پٹرول کی فراہمی منقطع کردی ہے جس سے ادارے کی مشکلا ت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ،ْذرائع کے مطابق پٹرول کی فراہمی منقطع ہونے کے سبب ہسپتالوں میں جنریٹرز بند ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں مریض انتہائی مشکلات کا شکار ہیں اور کئی آپریشن بھی ملتوی کرنا پڑگئے ہیں ،ْدوسری جانب فائربریگیڈ کا محکمہ جو پہلے ہی زبوں حالی کی تصویر بنا ہوا ہے اس کا آپریشن بھی بند ہوچکا ہے یعنی شہر میں کسی بھی آتشزدگی کی صورت میں جائے حادثہ تک پہنچنے کیلئے فائر بریگیڈ کے پاس مطلوبہ ایندھن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہاہے کہ کے ایم سی نے گزشتہ دو ماہ سے بلوں کی ادائیگی نہیں کی ہے اور انہوں نے ایک کروڑبیالیس لاکھ روپے پٹرول کی مدمیں اداکرنے ہیں ۔پٹرول مالکان کی جانب سے پہلے بلدیہ عظمی کراچی کو وارننگ جاری کی گئی کہ اگر واجبات کی ادائیگی نہ کی گئی تو سپلائی بند کردی جائے گی تاہم ادائیگی نہ ہونے کے سبب پیرکوپٹرول کی سپلائی بند کردی گئی ہے۔