ہماری مشکلات کی بڑی وجہ فکرِ اقبال کو بھلادینا ہے، آج بھی اپنے مسائل کے حل کیلئے دانائے راز سے راہنمائی لینا ہوگی،نیوٹیک ذوالفقار چیمہ

پیر 13 نومبر 2017 16:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2017ء) چیئرمین نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ ہمارے زوال کی ایک بڑی وجہ فکرِ اقبال کو بھلادینا ہے، ہمیں آج بھی اپنے مسائل کے حل کیلئے دانائے راز سے راہنمائی لینا ہوگی۔ پیر کو انہوں نے یہ بات بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں ’’یومِ اقبال‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ عالم اِسلام کے دانشور صحیح کہتے ہیں کہ پاکستانیوں کیلئے یہ بہت بڑے فخر کی بات ہے کہ دنیائے اسلام کے شاعرِ اعظم علامہ اقبال کا تعلق اس سرزمین سے تھا۔ ہمارے معاشرے کے زوال کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے فکرِ اقبال سے منہ موڑ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا یہ بہت بڑا کارنامہ ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کو مایوسی اور احساسِ کمتری کی دلدل سے نکالا اور مایوس اور پژمردہ ہجوم کو ایک زندہ اور تابندہ قوم بنا دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مفکرِ پاکستان چاہتے تھے کہ مسلمان نوجوانوں کا تعلیم اور تحقیق سے رشتہ مضبوط ہو اور وہ اپنے علم کی قوت سے ستاروں پر کمندیں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ آج بھی ہم انہی بیماریوں میں مبتلا ہیں آج بھی مسلمان تعلیم و تحقیق سے بیزار،آپس میں برسرِ پیکار اور احساس کمتری کا شکار ہیں۔ ان مسائل پر قابو پانے کیلئے ہمیں اقبال جیسے دانائے راز کی فکر سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی۔ آخر میں بحریہ یونیورسٹی کی طرف سے ایڈمرل شاہد سعید نے ذوالفقار احمد چیمہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔