پلاسٹک ٹنل میں سبزیوں کی کاشت سے آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ،زرعی ترجمان

پیر 13 نومبر 2017 15:51

راولپنڈی 13نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2017ء)محکمہ زراعت راولپنڈی کے ترجمان نے کہاہے کہ کاشتکار پلاسٹک ٹنل میں سبزیوں کی کاشت سے اپنی آمدن میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ پلاسٹک ٹنل میں کھیرا، ٹماٹر، گھیا کدو، شملہ مرچ، سبزمرچ، کریلا، چپن کدو، حلوہ کدو ، بینگن ، تربوز،خربوزہ اور گھیا توری وغیرہ کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہیں۔

ٹنل میں سبزیات کی کاشت کے لئے سب سے اہم مرحلہ سبزی کا انتخاب ، قسم، بیماری سے پاک اور صحت مند بیج کا حصول ہے۔ ٹنل میں سبزیوں کی پنیری اوربراہ راست کاشت کے لئے اچھے نکاس والی زرخیز میر ا زمین کا انتخاب کریں۔ پنیری اگانے کا سب سے زیادہ مقبول طریقہ میں ایک مربع میٹر سائز کی ہموار کی گئی کیاریوں میں بیج لگانا ہے۔

(جاری ہے)

یہ کیاریاں زمین کی سطح سے تقریباًً 15سینٹی میٹر بلند بنائی جاتی ہیں تا کہ بوقت ضرورت فالتو پانی کا نکاس ہو سکے۔

بیج کو کم گہرائی یعنی 1تا2سینٹی میٹر پر قطاروں میں کاشت کر کے مٹی یا بھل سے ڈھانپ دیا جاتا ہے اور قطاروں کا درمیانی فاصلہ7تا 8سینٹی میٹر رکھا جاتا ہے۔ بیج کاشت کرنے کے بعد کیاروں کو سر کنڈا یا سر کی سے ڈھانپ دیا جاتا ہے تاکہ زمین بیج کے اگائو تک وتر حالت میں رہے لیکن جونہی اگائو شروع ہوتا ہے تو سر کنڈا یا سرکی اتاردی جاتی ہے۔