رانا ثنا اللہ کی نااہلی کیس کی جلد سماعت کیلئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری

پیر 13 نومبر 2017 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کی نااہلی کیس کی جلد سماعت کیلئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن ، سپیکر صوبائی اسمبلی اور رانا ثنااللہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5دسمبر تک جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ناصر عباس شیرازی کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے فدا حسین رانا ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ماڈل ٹائون انکوائری رپورٹ کے حوالے سے عدلیہ کے فاضل ججز کے خلاف بیان دینے پر صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی نااہلی کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت اٹھارہ جنوری کے لئے مقرر کی ، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کیس انتہائی اہم ہے اس لئے استدعا ہے کہ کیس کی سماعت جلد مقرر کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کی نااہلی کا حکم دیا جائے۔جس پر فاضل عدالت نے الیکشن کمیشن ، سپیکر صوبائی اسمبلی اور رانا ثنااللہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5دسمبر تک جواب طلب کر لیا۔