صوبائی حکومت کے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ کو پشاور کے عوام کے ساتھ احسان فراموشی ،ْ دھوکہ اور ظلم و زیادتی قرارددیا

بی آر ٹی منصوبے سے آسانیوں کی بجائے پشاور کے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور

پیر 13 نومبر 2017 15:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے تحریک انصاف کی نااہل صوبائی حکومت کے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ کو پشاور کے عوام کے ساتھ احسان فراموشی ،ْ دھوکہ اور ظلم و زیادتی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے سے آسانیوں کی بجائے پشاور کے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے اور پورے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم کرکے اُن کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔

انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے بس ریپڈ منصوبے کے غیر قانونی ہونے اور اس سے عوام کی مشکلات بڑھنے کا از خود نوٹس لینے کی درخواست کی ۔ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینئر پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا بس ریپڈ منصوبہ پشاور کے عوام کو ووٹ دینے کی پاداش اور اُن کی اچھائی کے بدلے اُنہیں زندگی بھر کی سزادینے کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی حکومت نے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے مفتی محمود اوور ہیڈ برج بنائی جس کا فائدہ عوام کو مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بس ریپڈ منصوبہ کی نہ تو فزیبلٹی رپورٹ تیار کی گئی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے بزنس کمیونٹی اور عوام کے نمائندوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور اس منصوبے کے لئے نااہل صوبائی حکومت نے جو قرضہ لیا ہے وہ بھی عوام پر بوجھ بنے گا ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے ٹریفک کی روانی کو بہتر اور وسیع بنانے کے لئے راستے میں آنے والے پلازے گرائے اور اُن کے مالکان کو ادائیگی کی اور اوور ہیڈ برجز بناکر عوام کو سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہاکہ بی آر ٹی منصوبہ سے پشاور کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور سڑکیں مزید تنگ ہوجائیں گی جس سے پشاور میں ٹریفک کی روانی کا مسئلہ جوں کا توں رہے گا ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو خود تو ہیلی کاپٹر میں پھرتے ہیں اور ہیلی کاپٹر کو رکشے سے زیادہ استعمال کرتے ہیں لیکن عوام کو بی آر ٹی منصوبہ کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم کرکے مشکلات میں دھکیل دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی نااہلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حال ہی میں پشاور کی خوبصورتی کے نام پر سڑکوں کے ارد گردکروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیرات اور پودے لگا ئے گئے اور اب بی آر ٹی منصوبہ شروع کرکے عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونیوالے یہ کروڑوں روپے ضائع کردیئے گئے ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے اعلیٰ عدلیہ سے بس ریپڈ منصوبے کے غیر قانونی ہونے اور اس سے عوام کی مشکلات بڑھنے کا از خود نوٹس لینے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہاکہ پشاور میں ٹریفک کی روانی کیلئے اوور ہیڈ برجز بنائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :