احتساب کے بغیر انتخاب نہیں ، حیدر آباد میں جنرل راحیل شریف کو صدر مملکت بنانے کے حق میں ریلی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 13 نومبر 2017 14:42

احتساب کے بغیر انتخاب نہیں ، حیدر آباد میں جنرل راحیل شریف کو صدر مملکت ..
حیدر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 نومبر 2017ء) : حیدر آباد میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو صدر مملکت بنانے اور پاک فوج کی حمایت میں ایک ریلی نکالی گئی ۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ریلی کے شرکا نے پاک فوج اور ملک میں مارشل لا کے نفاذ کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ۔ اس ریلی میں کمیٹی کےچئیرمین سید امین شاہ راشدی ،صدر ڈاکٹر سکندر علی کیریو، علامہ مدثر عقیق، نور محمد ڈائری ، چوہدری محمد عامر ، سید احمد رشید ، محمد منشاء بھٹی ، رسول بخس سموں اور عبد الاحد خان راجپوت سمیت حیدر آباد اور سندھ کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

اس ریلی میں مرد حضرات کے ساتھ خواتین بھی شریک تھیں جنہوں نے فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔اس موقع پر کمیٹی چئیرمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ قوم اور فوج مضبوط ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاستدانوں کے ساتھ چلنے سے ملک غیر محفوظ ہے۔ ریلی کے شرکا نے مطالبہ کیاکہ جنرل (ر) راحیل شریف کو تمام اختیارات کے ساتھ ملک کا صدر بنایا جائے۔

یہ ملک سیاسی جماعتوں کا نہیں بلکہ عوام کا ہے اور سیاستدانوں نے ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ قوم فوج کو پُکار رہی ہے۔ پاک فوج کو چاہئیے کہ وہ عوام کی پُکار سنیں اور ملک میں مارشل لا کو عوام کی جانب سے خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں ملکی سیاستدانوں اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ کمیٹی چئیرمین کا کہنا تھا کہ ملک کا دشمن ہمارا دشمن ہے۔ انہوں نے ختم نبوتﷺ حلف نامہ میں تبدیلی کے ذمہ داروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی چھیڑ خانی برداشت نہیں کی جائے گی۔