ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکانلے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر ،ْ

نیب کو نوٹس ،ْ جواب طلب کرلیا عدالتی حکم پر ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت ملی تھی ،ْ وعد ہ کے مطابق واپس آئے ،ْ لطیف کھوسہ

پیر 13 نومبر 2017 13:34

ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکانلے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر ،ْ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر پیٹرلیم ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کو جمعرات 16 نومبرکیلئے مقرر کر لیا۔ پیر سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سابق وزیرِ پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے آغاز میں ڈاکٹر عاصم کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالتی حکم پر ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت ملی تھی جبکہ واپس آنے کے لیے انہیں ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی تاہم اس حکم پر عمل کیا گیا تھا۔انہوںنے کہاکہ عدالت نے ان کے موکل کی صحت یابی کی صورت میں حکام کو ان کا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کرنے کا اختیار دیا تھا۔

(جاری ہے)

لطیف کھوسہ نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کا علاج ابھی بھی چل رہا ہے جس کیلئے انہیں 9 نومبر کو بیرونِ ملک جانا تھا تاہم نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے وہ روانہ نہیں ہو پائے۔عدالتی کارروائی کو جمعرات کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کے لیے جمع کرائی گئی درخواست میں انہوں نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ ان موکل کی 21 نومبر کو بیرونِ ملک روانگی ہے لہٰذا اس درخواست پر سماعت جمعرات 16 نومبر کو مقرر کی جائے۔جسٹس مشیر عالم نے لطیف کھوسہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کیا جس میں درخواست پر 16 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔