عراق، ایران سرحد پر شدید زلزلہ، ہلاکتیں 200سے تجاوز کرگئیں، سینکڑوں زخمی ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

زلزلے کے جھٹکے ترکی، کویت اور سعودی عرب سمیت کئی ملکوں میں محسوس کئے گئے، شدید آفٹرشاکس کے باعث لوگوں نے رات گھروں سے باہر گزاری

پیر 13 نومبر 2017 12:16

عراق، ایران سرحد پر شدید زلزلہ، ہلاکتیں 200سے تجاوز کرگئیں، سینکڑوں ..
تہران /بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 نومبر2017ء) ایران اور عراق کے سرحدی علاقوں میں شدید زلزلے کے باعث 200سے زائد افراد جاں بحق اور 1000 سے زائد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ، زلزلے سے کئی عمارتیں اور دیواریں بھی گرگئیں ،زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 3ریکارڈ کی گئی ،آفٹر شاکس کی وجہ سے لوگ خوف میں مبتلاہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایران اور عراق کے سرحدی علاقوں میں شدید زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان ہوا ۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز عراق کا جنوبی شہر حلبجا تھا اور اس کی زمین میں گہرائی 34کلومیٹر تھی۔زلزلے کے جھٹکے ترکی، کویت اور سعودی عرب سمیت کئی ملکوں میں محسوس کئے گئے۔صرف ایران میں ہلاکتیں 150 ہوگئیں، شدید زلزلے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے سب سے زیادہ نقصان عراق کی سرحد سے متصل ایرانی صوبے کرمان شاہ میں ہوا ہے جبکہ حکام نے 141 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے اور بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہیں ۔

زلزلہ مرکز کے قریبی علاقوں میں شدید آفٹرشاکس کے باعث لوگوں نے رات گھروں سے باہر گزاری۔ادھر عراق کے کردستان ریجن میں بھی زلزلے سے متعدد عمارتیں گرگئیں جن سے متعددہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ سرحدی اور دور دراز علاقہ متاثر ہونے کی وجہ سے نقصانات کی اطلاعات بتدریج سامنے آرہی ہیں ، یہ خدشہ بھی ظاہر کیاجارہاہے کہ جانی نقصان میں مزید اضافہ ہوسکتاہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کویت بحرین ، قطر، سعودی عرب ،اردن ، لبنان اوراسرائیل میں بھی محسوس کیے گئے۔