تجاوزات کے خاتمے کے وعدہ کو ثابت قدمی کیساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں،شہر سے آخری تجاوزات کے خاتمے تک انسداد تجاوزات مہم جاری رہے گی، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز

اتوار 12 نومبر 2017 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے وعدہ کو ثابت قدمی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں،شہر سے آخری تجاوزات کے خاتمے تک انسداد تجاوزات مہم جاری رہے گی ،وہ اتوار کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ماہانہ کارکردگی جائزہ اجلاس میں خطاب کر رہے تھے۔

ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے گذشتہ ماہ انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت کی جانے والے کاروائیوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے میئر اسلام آباد کو بتایا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران شہر میں انسداد تجاوزات کی 2482 کاروائیاں عمل میں لائی گئیں جن کے دوران 32,298 تجاوزات سے متعلقہ اشیاء کو قبضہ میں لے لیا گیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں قبضہ میں لیا جانے والا سامان سکریپ بنا دیا گیا۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے یہ بھی بتایا کہ شہر میں اشیاء فروخت کرنے والی 116 گاڑیوں کو بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔ متذکرہ بالا انسدادِ تجاوزات کاروائیوں کے دوران مختلف اقسام کی 3022 غیر قانونی تعمیرات کو بھی مسمار کیا گیا۔گذشتہ سال کے دوران انسداد تجاوزات کاروائیوں کے دوران جرمانے عائد کیے گئے اس مد میں 2,021,100/- روپے سی ڈی اے کے خزانے مین جمع کروائے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ سال انسداد تجاوزات کی کاروائیوں میں سب سے نمایاں اور بڑے آپریشن سینٹورس مال، کراچی کمپنی G-9 مرکز اور G-11 مرکز شامل ہیں۔انفورسمنٹ کے سٹاف کو نئی یونیفارم بھی مہیا کر دی گئی ہے۔