سینیٹ دفاعی کمیٹی کا ننکانہ صاحب کا دورہ، کیپٹن حسنین شہید کے خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی ،فاتحہ خوانی کی

کیپٹن حسنین شہید کی بہادری اور دلیری کو سلام پیش کرتے ہیں ، پوری قوم کو ان کی بہادری پر فخر ہے اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ،سینیٹر مشاہد حسین سید اور کمیٹی کے دیگر ارکان کا شہید کو خراج تحسین

اتوار 12 نومبر 2017 19:20

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2017ء) سینیٹ کی دفاعی کمیٹی نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مادر وطن کی خاطر اپنی جان قربان کرنے والے کیپٹن حسنین شہید کے خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیااور فاتحہ خوانی کی ، کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین کی سربراہی میں جانے والے سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے وفد میں سینیٹر جاوید عباسی، سینیٹر اعظم سواتی اور سینیٹر میر کبیر شامل تھے ۔

سینیٹ کی دفاعی کمیٹی پہلے کیپٹن حسنین شہید کے گھر گئی اور ان کے والدین کے ساتھ ملاقات کرکے فاتحہ خوانی کی ۔سینیٹر مشاہد حسین سید اور کمیٹی کے دیگر ارکان کا کہنا تھا کہ ہم کیپٹن حسنین شہید کی بہادری اور دلیری کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ پوری قوم کو ان کی بہادری پر فخر ہے اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین نے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کی تعریف کی جو ملک کی حفاظت اور دشمن کے ساتھ برسرپیکار ہیں ۔

انہوں نے آرمی چیف کے حالیہ دورہ افغانستان ا ور ایران کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی قومی سلامتی اور خطے کے استحکام میں بہتری آئے گی ۔ سینیٹ کی دفاعی کمیٹی نے ننکانہ صاحب میں گوردوارہ کا بھی دورہ کیا ۔ کمیٹی نے میجر ہرچرن سنگھ کے خاندان سے بھی ملاقات کی ۔…