مونگ پھلی کی برداشت کے وقت احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں ،ترجمان محکمہ زراعت

پھلیوں کو خشک کرنے کے لیے کم از کم ایک ہفتہ کے لیے صاف ستھری اور سخت جگہ پر دھوپ میں بکھیر دینا چاہیے ،ْترجمان

اتوار 12 نومبر 2017 15:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2017ء)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کہاہے کہ بارانی علاقہ جات اور پوٹھوہار میں مونگ پھلی کی فصل کی برداشت کا عمل جاری ہے تاہم کاشتکار مونگ پھلی کی برداشت کے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ترجمان کے مطابق مونگ پھلی کی اگیتی برداشت کی صورت میں کچی پھلیوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جو پیداوار میں کمی کاباعث بنتی ہیں جبکہ تاخیر سے برداشت کے نتیجے میں پھلیوں کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے اور منڈی میں قیمت بھی کم ملتی ہے۔

جب فصل کے پتے خشک ہو کر گِرنا شروع ہو جائیں تو کھیت کے مختلف حصوں سے پودے اکھاڑ کر دیکھیں۔ اگر پھلیوں کے چھلکے کا اندرونی حصہ گہرے بھورے رنگ کا اور گِری کا رنگ گلابی ہو جائے تو فصل پکی ہوئی تصور کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جب 75 سی80 فیصد سے زیادہ پھلیاں پکی ہوئی ہوں تو فصل برداشت کے لیے تیار ہے۔مونگ پھلی کی برداشت اگر ٹریکٹر ڈِگر سے کی جائے تو فصل کا ضیاع کم سے کم اور پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔ اگر ٹریکٹر ڈِگر دستیاب نہ ہو تو کسی یا کسولہ کی مدد سے پودوں کو اکھاڑ لیا جائے پھر ان پودوں سے پھلیاں علیحدہ کر لیں۔ اس مقصد کے لئے تھریشر دستیاب ہیں۔ پھلیوں کو خشک کرنے کے لیے کم از کم ایک ہفتہ کے لیے صاف ستھری اور سخت جگہ پر دھوپ میں بکھیر دینا چاہیے۔