میرے خلاف تحقیقات سیاسی مقاصد کیلئے تھیں، فرد جرم پر نوازشریف کا جواب

ہفتہ 11 نومبر 2017 20:38

میرے خلاف تحقیقات سیاسی مقاصد کیلئے تھیں، فرد جرم پر نوازشریف کا جواب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے نیب ریفرنسز پر فرد جرم کے جواب میں کہا ہے کہ میرے خلاف تحقیقات سیاسی مقاصد کے لئے تھیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں دائر نیب ریفرنسز پر میاں نوازشریف پر نمائندے کے بعد ذاتی طور پر فرد جرم عائد کردی جبکہ سابق وزیراعظم نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے اپنا جواب عدالت میں جمع کرایا۔

نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے اپنے جواب میں کہا کہ ریفرنسز میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اس لیے الزامات کی صحت سے انکار کرتا ہوں، میرے خلاف ہونے والی تحقیقات قواعد کے خلاف اور سیاسی مقاصد کے لیے تھیں۔سابق وزیراعظم کے مطابق آئین کا آرٹیکل 10 اے ہر شہری کو فیئر ٹرائل کا حق دیتا ہے لیکن عدالتی حکم نامے کی روشنی میں دائرعبوری ریفرنسز میں فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا جا رہا ،ْ سپریم کورٹ کے 7 نومبر کے فیصلے میں سخت آبزرویشن دی گئی۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے چارج شیٹ کے جواب میں کہا کہ میرے خلاف دائر مقدمات میں مانیٹرنگ جج کی تعیناتی سے آئینی حقوق متاثر ہو رہے ہیں لیکن ریفرنسز میں الزامات کا دفاع کروں گا۔واضح رہے کہ نیب نے شریف خاندان کے خلاف لندن پراپرٹیز، العزیزیہ مل اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے تین ریفرنسز دائر کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :