سکھر ،وکلاء برادری کی کثیر تعداد کا سیشن کورٹ کے احاطے میں احتجاجی، گو نواز گو اور گو زرداری گو کے فلک شگاف نعرے

ہفتہ 11 نومبر 2017 20:35

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2017ء) ن لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف اورپی پی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے عدلیہ مخالف بیان دینے پر سکھر کے وکلاء برادری کی کثیر تعداد نے وکلاء رہنمائوں ایڈوکیٹ سردار قربان کلوڑ ، راحب ملانو ، صادق انصاری و دیگر کی قیادت میں سیشن کورٹ کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور گو نواز گو اور گو زرداری گو کے فلک شگاف نعرے بازی کی اس موقع پر وکلاء رہنمائوں کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری کو جب موقع پر ملا انہوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا ہے، آصف علی زرداری نے کرپشن کی انتہا کرکے سندھ کو موئن جو دڑو بنا دیا ہے، جبکہ نااہل وزیر اعظم میاں نواز شریف کو عدلیہ نے کرپشن الزام پر نااہل قرار دیا ہے اب وہ مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے عدلیہ پر الزام تراشی کرکے ججز کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم ملک بھر کے وکلاء عدلیہ اور انصاف کے ساتھ ہیں میاں نواز شریف کو پارٹی صدارت سے دستبردار ہونا چاہئے ۔