فیصل آباد نے کراچی وائٹس کو ابتدائی میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی

فاتح ٹیم نے 181 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا

ہفتہ 11 نومبر 2017 20:13

فیصل آباد نے کراچی وائٹس کو ابتدائی میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء) فیصل آباد نے کراچی وائٹس کو ابتدائی میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی ، فاتح ٹیم نے 181 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر پوراکرلیا، صاحبزادہ فرحان اور گوہر علی نے 108 رنز کا آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی ،ْگوہر کے آئوٹ ہونے کے بعد فرحان نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، گوہر علی 70 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، خرم منظور اور اکبرالرحمان کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، فرحان کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

ہفتے کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے میچ میں فیصل آباد نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کراچی وائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 180 رنز بنائے، اکبرالرحمان نے 60 اور خرم منظور نے 55 رنز کی اننگز کھیلی، اسد شفیق 27، حارث سہیل 28 اور کپتان سرفراز احمد بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، فہیم اشرف نے 3 اور عمران خالد نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں فیصل آباد کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور کی دوسری گیند پر صرف 2 وکٹوں پر حاصل کیا، صاحبزادہ فرحان 76 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ گوہر علی 70 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، صعیب مقصود 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، آصف علی نے 16 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، رومان رئیس اور دانش عزیز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :