راولپنڈی میں شہر کی صفائی کرنے والی غیر ملکی کمپنی البراک کے ملازمین پر فائرنگ سے 2 ملازمین ہلاک ،ْایک زخمی

کمپنی کے ملازمین کی لاشیں ہسپتال میں پڑی رہیں ،ْ کمپنی کا کوئی ذمہ دار انہیں دیکھنے ہسپتال نہیں آیا ،ْملازمین

ہفتہ 11 نومبر 2017 20:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء) راولپنڈی میں شہر کی صفائی کرنے والی غیر ملکی کمپنی البراک کے ملازمین پر فائرنگ سے 2 ملازمین ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔واقعہ میں زخمی ہونے والے شخص کو تشویش ناک حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ،ْ حملہ آور باآسانی فرار ہوگئے۔غیر ملکی کمپنی کے ملازمین پر فائرنگ کا واقعہ تھانہ صادق آباد کے علاقے نشتر مارکیٹ میں پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے فوری بعد پولیس کو آگاہ کیا گیا تھا تاہم پولیس جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچی جس کی وجہ سے حملہ آور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ملازمین نشترمارکیٹ پر صفائی کا کام کر رہے تھے کہ نامعلوم سمت سے آنے والے موٹر سائیکل سواروں نے ملازمین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 2 نوجوان آصف اور ثاقب موقع پر جاں بحق ہوگئے ،ْ کمپنی کا ڈرائیور شکیل ارشاد شدید زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

ایس ایچ اور صادق آباد نے بتایا کہ مقتول ملازمین کو گولیاں گردن پر لگیں جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے جس میں حملہ آوروں نے مقتولین کی ریکی کرنے کے بعد انہیں نشانہ بنایا، تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ادھر غیر ملکی کمپنی البراک کے ملازمین کا کہنا تھا کہ کمپنی کے ملازمین کی لاشیں ہسپتال میں پڑی رہیں لیکن کمپنی کا کوئی ذمہ دار انہیں دیکھنے ہسپتال نہیں آیا اور یہاں تک کہ کسی نے زخمی ملازم کی عیادت بھی نہیں کی۔ملازمین نے کہا کہ ہمیں نجی کمپنی نے بے یارومددگار چھوڑ دیا، ہمارا کوئی پرسان حال نہیں۔

متعلقہ عنوان :