70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے فلڑیشن پلانٹ نے اپنا کام شروع کردیا ہے،چیئرمین میونسپل کمیٹی عمرکوٹ

ہفتہ 11 نومبر 2017 18:41

عمرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء)میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے چیئرمین خالد سراج سومرو نے کہا ہے کہ 70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے فلڑیشن پلانٹ نے اپنا کام شروع کردیا ہے،عمرکوٹ کو ایک جدید مثالی شہر بنایا جائے گا،یہ بات انہوں نے سماجی تنظیم ہینڈز کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔خالد سراج سومرو نے کہاکہ عمرکوٹ میں اس وقت عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کروڑوں روپے کے خطیر بجٹ سے مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں،شہریوں کو اس وقت 70 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے فلڑیشن پلانٹ سے صاف ستھرے پانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے اور عمرکوٹ سٹی میں صفائی ستھرائی کے لیے جدید مشنری بھی خرید کرلی گئی ہے اس کے علاوہ شہر میں نئے روڈ راستوں گٹر نالوں کی تعمیرات کی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

وہ عوام کی بلاامتیاز خدمت کررہے ہیں۔خالد سراج سومرو نے کہا کہ عمرکوٹ میں شہید عبدالرحیم گڑہوری لائبریری کا کام مکمل ہو چکا ہے، جس کا بہت جلد افتتاح کیا جائے گا ،ہم عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سماجی ادارے معاشرے کی تعمیر نو میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پرچیئرمین میونسپل کمیٹی عمرکوٹ خالدسراج سومرو نے سماجی تنظیم ہینڈز کی جانب سے مثالی پروجیکٹ کے تحت سولر سٹم بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پر ہینڈز کے ضلعی منیجر امام بخش خاصخیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ ہینڈز مثالی پروجیکٹ کے تحت مختلف گائوں گوٹھوں میں عوام کو انسانی زندگی کی اھم بنیادی سہولیات اور لوگوں کو روزگار کے ہرممکن مواقع فراہم کر رہا ہے۔ تقریب سے حلیم سومرو ،رسول بخش رحمدانی،ارباب نیک محمد ،غلام محمد کمبہاراور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں سماجی رہنمائوں اور شہریوں نے شرکت کی ۔