راولپنڈی: تھانہ صادق آباد کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ

راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 2اہلکار جاں بحق ،1شدید زخمی ، ملزمان فرار آر ڈبلیو ایم سی کے اہلکاروں پر فائرنگ کا یہ پانچواں واقعہ ہے جن میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی مجموعی تعداد5ہو گئی

ہفتہ 11 نومبر 2017 18:33

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 نومبر2017ء) تھانہ صادق آباد کے علاقہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ر اولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 2اہلکارجاں بحق اور 1شدید زخمی ہو گیاجبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے آر ڈبلیو ایم سی کے اہلکاروں پر فائرنگ کا یہ پانچواں واقعہ ہے جن میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی مجموعی تعداد5ہو گئی ہے اطلاعات کے مطابق صادق آباد کے علاقے میں علیٰ الصبح آر ڈبلیو ایم اور البائراک کے اہلکار اپنی ڈیوٹی سر انجام دے درے تھے دریں اثنا 2نامعلوم موٹر سائکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کی گولیاں 27سالہ سینٹری ورکر آصف مسیح کے چہرے پر لگیں جبکہ38سالہ لوڈر ثاقب شاہ کو گولیاں کمر پرلگیں جس سے دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان نے گاڑی میں بیٹھے ڈرائیورمحمد ارشاد پر فائرنگ کی جس سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے اور گولیاں محمد ارشاد کے بازو اور سینے میں لگیں جسے تشویشناک حالت میں منتقل کر دیا گیا ہے یاد رہے کہ آر ڈبلیو ایم سی اور البائراک کے اہلکاروں پر فائرنگ کا یہ پانچواں واقع ہے قبل ازیں18اگست کو 40سالہ کرامت اور 38سالہ صغیرکوتھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کشمیریاں داتا گنج بخش روڈ پرنامعلوم موٹر سائیکل سواروںنے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اس واقعہ میں زخمی ہونے والاصغیر آج بھی معذوری کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے اسی طرح مئی میں چاندنی چوک میں بھی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے سینٹری ورکر کو قتل کر دیا تھا مقتول 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر کا واحد کفیل تھا تاہم زخمی محمد ارشادکو انتہائی تشویشناک حالت میں بے نظیربھٹو ہسپتال اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال منتقل کردیا گیا۔