ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی یادگار شہدا آمد کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات ،کارکنوں کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی

ہم صاف ستھری ایم کیوایم قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،آصف زرداری سمیت تمام رہنما اثاثے ظاہر کریں ،ڈاکٹرفاروق ستار 18میں مہاجروں کی عظمت لوٹائیں گے،مصطفی کمال اپنی باری لے چکے، بازی ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے، ہم تو جڑے ہوئے ہیں اور یکجا ہیں شہدا ہماری تحریک کا اہم حصہ ہیں، ایم کیوایم کے کارکنوں کو یادگارشہدا جانے کی اجازت نہیں دی گئی، سمجھ نہیں آرہا ہمیں کیوں روکا جارہا ہے،میڈیا سے گفتگو بیٹے نے پارٹی کیلئے بہت قربانیاں دیں،شہدا کو سلام پیش کرنے جا رہا ہے، میرا بیٹا چھوٹے اور بڑے سب کی عزت کرتا ہے ،والدہ فاروق ستار کی صحافیوں سے بات چیت ایم کیو ایم لندن کی خواتین کارکنان کی لیاقت علی خان چوک پر فاروق ستار اور متحدہ پاکستان کی قیادت کیخلاف شدید نعرے بازی اور غدار غدار مہاجر قوم کا غدار فاروق ستار فاروق ستار کے نعرے

ہفتہ 11 نومبر 2017 17:34

ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی یادگار شہدا آمد کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم صاف ستھری ایم کیوایم قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،2018 میں مہاجروں کی عظمت لوٹائیں گے۔مصطفی کمال کو ہمارا جواب 8 نومبر کی ہی مل گیا تھا،مصطفی کمال اپنی باری لے چکے، بازی ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے، ہم تو جڑے ہوئے ہیں اور یکجا ہیں۔

مصطفی کمال کے تمام سوالوں کا جواب پریس کانفرنس میں دیں گے۔ شہدا ہماری تحریک کا اہم حصہ ہیں، ایم کیوایم کے کارکنوں کو یادگارشہدا جانے کی اجازت نہیں دی گئی، سمجھ نہیں آرہا کہ ہمیں کیوں روکا جارہا ہے۔عمران خان ،آصف علی زرداری سمیت دیگر جماعتوں کے سربراہ اپنے اثاثے ظاہر کریں ۔ملک کے تمام کے افراد مردم شماری میں ہونے والی نا انصافی میں کراچی کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو یادگار شہداء عزیز آباد اور بہادرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔یادگار شہداء پر جانے سے قبل ڈاکٹرفاروق ستار کی والدہ نے ان کو رخصت کیا ۔اس موقع پر انہوںنے کہا کہ میرا ایک بیٹا ہے اور میں نے اسے سیاست میں آنے سے منع کیا تھا۔ انہوں نے کہا بیٹے نے پارٹی کیلئے بہت قربانیاں دیں اور وہ شہدا کو سلام پیش کرنے جا رہا ہے۔

میں نے اسے پارٹی میں جانے سے منع کیا تھا لیکن وہ نہیں مانا اور پارٹی جوائن کرلی میرے بیٹے اور کارکنوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔فاروق ستار کی والدہ نے کہا آج ہم ایم کیو ایم شہداکی یاد میں غمزدہ ہیں، میں شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، میرے بیٹے اور کارکنوں نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں، میرا بیٹا چھوٹے اور بڑے سب کی عزت کرتا ہے۔

میری دعا ہے یہ ہمیشہ ملک اور قوم کی خدمت کرتے رہیں۔بعد ازاں فاروق ستارپی آئی بی سے بہادرآباد میں قائم ایم کیو ایم کے عارضی مرکزپہنچے جہاں ارکانِ رابطہ کمیٹی سے یادگارِ شہدا جانے کے لائحہ عمل پر بات ہوئی۔ فاروق ستارارکان ابطہ کمیٹی کے ہمراہ یادگارِ شہدا کے لئے روانہ ہوئے تو پولیس کی نفری ساتھ تھی، فاروق ستار کا قافلہ عزیزآباد پہنچا تو پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

قافلہ آدھے گھنٹے تک لیاقت علی خان چوک پر ہی رکارہا، جس کے بعد پولیس نے یادگارشہدا تک پیدل جانے کی اجازت دی۔ اس موقع پر مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے والدین،عامر خان، فیصل سبزواری، کامران ٹیسوری، رؤف صدیقی، رابطہ کمیٹی کے ارکان سمیت کارکنون کی بڑی تعداد ہمراہ تھی۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستارنے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ یادگارشہدا پرحاضری دی اورفاتحہ خوانی بھی کی۔

رہنماؤں کی آمد سے پہلے جناح گراؤنڈ کے تالے توڑ دیئے گئے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ آج ایک سال کے بعد شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پہنچ گئے، ایک بارپہلے بھی یہاں آنا چاہتے تھے اس وقت ہمیں آنے نہیں دیا گیا، شہدا کے لہو کے مقروض انکا قرض چکائیں گے، مہاجروں کی عزت وآبروکوبحال کریں گے۔سربراہ ایم کیوایم فاروق ستارنے کہا کہ شرپسندوں کو اپنی صفوں سے نکالیں گے، سیاسی الائنس کے دروازے آج بھی کھلے رکھیں ہیں، 5 نومبرکے جلسے کے بعد بڑاحوصلہ ملا، ہم صاف ستھری ایم کیوایم قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور2018 میں مہاجروں کی عظمت لوٹائیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستارنے کہا کہ شہدا ہماری تحریک کا اہم حصہ ہیں، ایم کیوایم کے کارکنوں کو یادگارشہدا جانے کی اجازت نہیں دی گئی، سمجھ نہیں آرہا کہ ہمیں کیوں روکا جارہا ہے، صرف مجھے اوررابطہ کمیٹی کو جانے کی اجازت دی گئی ہے، ہمارے ساتھ پھر ظلم اور ناانصافی ہوئی ہے۔فاروق ستارنے کہا کہ خطرات کے پیش نظرہماری موبلائزیشن کوروکاجارہا ہے، ہم نے یادگارشہدا ایم کیوایم جانے کیلئے انتظامیہ کودرخواست دی تھی، انتظامیہ نے بتایا کہ ہماری زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں سوال یہ ہے کہ صرف ہماری زندگیوں کوہی خطرہ کیوں ہے۔

'ہم شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ہر مہاجر پاکستانی اور مظلوم کو موقع دیں گے کہ وہ سر اٹھا کر چلیں'۔فاروق ستار نے عمران خان آصف علی زرداری اور دیگر جماعتوں کے سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگ اپنے اثاثے ظاہر کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک تمام کے افراد مردم شماری میں ہونے والی نا انصافی میں کراچی کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہا کہ مصطفی کمال اپنی باری لے چکے، بازی ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے، ہم تو جڑے ہوئے ہیں اور یکجا ہیں۔

واضح رہے کہ جب ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت مکا چوک پر اپنے کارکنان سے خطاب کر رہی تھی تو اس موقع پر بعض نقاب پوش خواتین اچانک سامنے آ گئیں اور انہوں نے متحدہ لندن کی حمایت میں نعرے بازی کی اور فاروق ستار اور متحدہ پاکستان کی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی اور غدار غدار مہاجر قوم کا غدار فاروق ستار فاروق ستار کے نعرے لگائے ۔ ان خواتین نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارا تعلق ایم کیو ایم کے شہداء کے خاندانوں سے ہے ۔

یادگار شہداء ایم کیو ایم پاکستان کی نہیں ہے بلکہ متحدہ قومی موومنٹ کے شہیدوں کی یادگار ہے ۔ فاروق ستار اور ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کو ایک سال بعد یادگار شہداء اور اور شہداء قبرستان کی یاد کیوں آئی ہے ۔ انہوں نے مہاجر قوم کے شہیدوں کے لہو سے غداری کی ہے ۔ آج یہ اپنی سیاست چمکانے آئے ہیں ۔ مہاجر قوم انہیں 2018 ء کے انتخابات میں مسترد کر دے گی ۔ یہ خواتین نعرے بازی کرکے چلی گئیں ۔ تاہم انہوں نے شکوہ کیا کہ ہمیں یادگار شہداء پر جانے نہیں دیا گیا ، جو زیادتی ہے ۔