امریکی کمانڈرکا بیان حقائق کے منافی ،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے برداشت کیا ‘میاں مقصود احمد

کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعہ کے اصل ذمہ داران کوکیفر کردار تک پہنچایاجائے،قومی سلامتی کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم متحد ہے

ہفتہ 11 نومبر 2017 17:21

امریکی کمانڈرکا بیان حقائق کے منافی ،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے امریکی کمانڈرجان نکسن کے بیان کہ’’دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے حوالے سے پاکستان کا رویہ بالکل تبدیل نہیں ہوا‘‘پر اپنے شدید ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ یہ بیان حقائق کے منافی اور پاکستان کی قربانیوں سے صرف نظر کرنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،پاکستان نے نام نہاد دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں سب سے زیادہ نقصان برداشت کیا ہے،عالمی برادری کو تعصبانہ رویہ ترک کرنا ہوگا،ڈونلڈٹرمپ انتظامیہ کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، اس سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان امریکی جنگ کوخیر باد کہہ کر وسائل کا رخ عوام کی فلاح وبہبود کی طرف موڑے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے امریکہ کی اس نام نہاد جنگ میں ہماری60ہزار سے زائد افراد شہید اور سواسوارب ڈالر سے زائد کامعاشی نقصان ہوچکا ہے جبکہ اس کے بدلے میں ملنے والی امداد اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔

اب وقت آگیا ہے کہ’ڈومور‘‘کے امریکی مطالبے کے جواب میں ’’نومور‘‘کاواضح پیغام دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ سمیت عالمی برادری کومسلمانوں کے خلاف اپنے دوہرے معیار تبدیل کرنے ہوں گے۔ایک طرف ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ریاستی مظالم کی انتہاکرچکا ہے جبکہ دوسری جانب انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور ممالک اس بربریت پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اب مزید عدم استحکام کامتحمل نہیں ہوسکتا۔دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ ہمارے گلی محلوں تک پہنچ چکی ہے۔جماعت اسلامی کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے اورحکومت سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ اس افسوس ناک واقعہ کے اصل ذمہ داران کوجلدازجلد گرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچایاجائے۔پاکستان کی آزادی،خودمختاری اور سلامتی دائوپر لگ چکی ہے۔دشمن ہماری صفوں میں انتشار کی فضاقائم کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ان کی تمام سازشوں کامقابلہ کرنے کے لیے اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔قومی سلامتی کے مسئلہ پر تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم متحد ہے۔

متعلقہ عنوان :