ویمنز ایشز ٹیسٹ، ایلیز پیری کی ناقابل شکست ڈبل سنچری، آسٹریلیا ویمن کی واحد ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، انگلینڈ ویمن نے بغیر کسی نقصان 40 رنز بنا لئے اور اسے حریف ٹیم کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 128 رنز درکار

ہفتہ 11 نومبر 2017 16:43

سڈنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2017ء) ایلیز پیری کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت آسٹریلیا ویمن کی واحد ایشز ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا ویمن نے اپنی پہلی اننگز 168 رنز کی برتری کے ساتھ 448 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی، الیز پیری نے 213 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انگلینڈ ویمن نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان 40 رنز بنا لئے تھے اور اسے حریف ٹیم کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 128 رنز درکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو نارتھ سڈنی اوول میں ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا ویمن نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 177 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ایلیز پیری 70 اور الیزا ہیلی ایک رن پر ناٹ آئوٹ تھیں۔

(جاری ہے)

دونوں کے مابین 102 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ الیزا ہیلی 45 رنز بنانے کے بعد لارا مارش کا نشانہ بن گئیں۔ اس موقع پر تاہلا میک گراتھ نے پیری کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 103 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 373 تک پہنچا دیا۔

میک گراتھ 47 رنز بنانے کے بعد ایلوس کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئیں۔ جیس جونیسن 24 اور امانڈا ویلنگٹن 2 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں۔ ایلیز پیری نے ایک طرف سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکور کی۔ 448 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر آسٹریلیا نے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ ایلیز پیری نے ناقابل شکست 213 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 27 چوکے شامل تھے۔ لارا مارش اور سوفی ایکلسٹون نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انگلینڈ ویمن نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان 40 رنز بنا لئے تھے اور اسے آسٹریلیا ویمن کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 128 رنز کی ضرورت ہے، بیومائونٹ 25 اور ونفیلڈ 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :