مردان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،ڈرینج ، سیورج سسٹم کی بحالی اور صفائی ستھرائی کے منصوبوں کیلئے سات ارب اور تیس کروڑ روپے کی منظوری دیدی

جمعہ 10 نومبر 2017 22:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نے مردان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،ڈرینج ، سیورج سسٹم کی بحالی اور صفائی ستھرائی کے منصوبوں کے لئے سات ارب اور تیس کروڑ روپے کی منظوری دیدی۔تحصیل ناظم محمد ایوب خان ،نائب ناظم مشتاق سیماب اور واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ناصر غفور نے اس حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کے باعث ایشین بینک نے صوبے کے دوسرے بڑے شہر مردان میں عوام کے فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لئے خطیر رقم کی منظوری دیدی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خطیر رقم شہر کے چودہ یونین کونسلوں میں بنیادی سہولیات صاف پانی،نکاسی آب اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے پر خرچ کئے جائیں گے جس سے شہر کی تصویر بدل جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اتنی خطیر رقم کی منظوری ایک بہت بڑا قدم ہے اور اس سے شہر یوں کے دیرینہ مسائل حل ہونگے اور اس کے ساتھ ساتھ اسکے اثرات زندگی کے دوسروں شعبوں پر بھی مرتب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر اس اقدام کو اپنے کھاتے میں ڈال کر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنا چاہتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس قسم کے قرضے صوبائی حکومت کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں ہے اور وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں ذاتی دلچسپی لیکر مردان کے عوام پر احسان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے تعاون سے یہ منصوبے شروع ہونگے ان میں یونین کونسل مردان خاص،بغدادہ،بکٹ گنج،باڑی چم،بجلی گھر،مسلم آباد،روڑیا ،سکندری،پار ہوتی،ہوتی،کسکورونہ،ڈاگئی،گلی باغ اور باغ ارم شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :