سی ڈی اے نے انسدادِ پولیو مہم میںاحکامات کے باوجود شرکت نہ کرنے پر ایک آفیسر کی سروس کو معطل کر دیا

جمعہ 10 نومبر 2017 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 نومبر2017ء) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے انسدادِ پولیو مہم میںاحکامات کے باوجود شرکت نہ کرنے پر ایک آفیسر کی سروس کو معطل کر دیا ہے۔ ادارے کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ ڈائریکٹوریٹ میں تعینات ایڈمن آفیسر شیخ فیضان کو عارضی طور پر انسدادِ پولیو مہم کی تربیت اور قطرے پلانے کی مہم 31.10.2017 کے دوران ذمہ دارایاں سونپی گئیں تھیں لیکن وہ غیر حاضر رہے جس کی وجہ سے فوری احکامات کے ذریعے انکی سروسز کو معطل کر دیا گیا۔

معطل کیے جانے والے آفیسر کو انسدادِ پولیو مہم کے تربیتی پروگرام اور سونپی جانے والی ذمہ داریوں سے متعلق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس ضمن میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

اس فریضہ سے عہدہ براہ نہ ہونے کے لیے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ادارے کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایڈمن آفیسر شیخ فیضان کی معطلی کے احکامات سی ڈی ای(ملازمین) سروس ریگولیشن 1992 ؁ء کی شق8.05 کے تحت انسدادِ پولیو مہم کے دوران تربیتی پروگرام اورمہم کے دوران ذمہ داریوں کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز میں حاضر نہ ہونے کی وجہ سے غیر ذمہ دارانہ رویہ کے برتائو کی بنیاد پر کیا گیا ہے یہ معطلی آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔

معطلی سے قبل آفیسر جو تنخواہ اور مالی مراعات لے رہاتھا معطلی کے دورانیہ میں جاری رہیں گی۔ معطلی کے احکامات چیئرمین سی ڈی اے کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے۔ اس ضمن میں اس سے قبل کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 30 اکتوبر تا02 نومبر تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کے دوران سرگرمیوں کے لیے 387 ملازمین اور14 زونل ہیڈ زکوذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کے لیے تربیتی پروگرام اور ڈیوٹی کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس ضمن میں 02 آفسران کو فوکل پرسن بھی مقرر کیا گیا تھا۔زونل ہیڈ افسران اور ملازمین کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس ضمن میں ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ نے چیئرمین سے اور دیگر متعلقہ شعبوں نے مجاز افسران سے منظوری کے بعد یہ احکامات جاری کیے۔

متعلقہ عنوان :