پنجاب میں سموگ کی موجودہ صورتحال ماحولیاتی آلودگی کا پیش خیمہ قدرت کی طرف سے وارننگ ہے، سابق جج ماجد بشیر

جمعہ 10 نومبر 2017 21:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 نومبر2017ء) سینٹر فار رول آف لاء کے صدر معروف قانون دان سابق جج ماجد بشیر نے کہا ہے کہ پنجاب میں سموگ کی موجودہ صورت حال ماحولیاتی آلودگی کا پیش خیمہ اور قدرت کی طرف سے وارننگ ہے اگر ہم نے موسمی تغیرات کے خطرناک اثرات کی اہمیت نہ دی تو مستقبل میں ہمیں ہولناک تباہی کا سامنا ہوسکتا ہے جس میں فوڈ سیکورٹی بھی شامل ہے ۔

ایک انٹرویو میں ماجد بشیر نے کہاکہ پاکستان میں فاریسٹ ایمرجنسی نافذ کی جائے اور وسیع پیمانے پر شجرکاری کرکے ایسے پودے لگائے جائیں جو جلد تناور درخت بن سکیں انہوں نے کہاکہ درختوں کی کٹائی کو سنگین جرم قرار دے کر درخت کاٹنے والوںکو قید و جرمانے کی سزائیں دی جائیں اور فاریسٹ ایکٹ میں ترامیم کرکے شجرکاری کو لازمی قرار دیا جائے ۔

(جاری ہے)

ماجد بشیر نے کہاکہ پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے اور حکومت سمیت تمام ذمہ دارادارے اس سنگین صورت حال کا ادراک کرتے ہوئے مناسب اقدات اٹھائیں،وقت کا تقاضہ ہے کہ نوجوان نسل کو موسمی تحفظ کے اقدامات سے آگاہ کیا جائے اور فاریسٹ ایمرجنسی کے دوران پاکستان کے تمام شہری اپنے علاقوں میں ایسے پودے لگائیں جن سے آبو و ہوا معتدل اورخوشگوار ہو اور اس سے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں ، اگر ہم نے اسی طرح غفلت کا مظاہر ہ کیا تو مستقبل میںہمیں موسمی تغیرات کی صورت میں شدید مشکلات کا سامناہو سکتا ہے۔

ماجد بشیر نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت سمیت پاکستان کے تمام شہروں میں کسی قسم کے درختوں کی کٹائی سے قبل عوامی شنوائی کے ذریعے رائے عام معلوم کی جائے اور ناگزیر ضرورت و متبادل شجرکاری کے بغیر کسی صورت کسی بھی علاقے سے درخت نہ کاٹے جائیں اور ان عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے جو تعمیر کے نام پر ماحولیاتی انحطاط کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوںنے ایمبیسی روڈ اسلام آباد میں وسیع پیمانے پر درختوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اسے ماحولیاتی تحفظ کے تمام اداروں اور تنظیموں کے لئے ایک چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ سینٹر فار رول آف لاء نے سب سے پہلے کمشن فار ہیومن رائٹس سے رجوع کرکے درختوں کی کٹائی کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور اس فعل کو ایک سنگین جرم قرار دیا جس پر کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ماجد بشیر نے کہا کہ درختو ں کی کٹائی اور ماحولیاتی نقصان کا باعث بننے والے اقدامات کی بھرپور مذمت کی جائے اور ایسے اعمال روکے جائیں جن کی وجہ سے اس وقت ہمارا ماحول تباہی سے دوچار ہے ، موسمی تغیرات سے نوحیات کو سنگین خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے اور انسانی غفلت سے کرہ ارض پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہماری اخلاقی ، قومی اور سماجی ذمہ داری ہے کہ ہم ماحول دوست اقدامات کو فروغ دیں اور ماحولیاتی نقصانات کو کم سے کم کریں۔

متعلقہ عنوان :