دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے دہشت گردی کے اڈے بن چکے ہیں،افواج پاکستان اور پولیس اس ملک کیلئے لازوال قربانیاں پیش کر رہی ہیں،مسئول جماعة الدعوة اسلام آباد شفیق الرحمن

جمعہ 10 نومبر 2017 21:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 نومبر2017ء) جماعة الدعوة اسلام آباد کے مسئول شفیق الرحمن نے کوئٹہ میں پولیس موبائل پر حملے اور راجگال میں افغان دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دہشت گردی و تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے۔ افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے دہشت گردی کے اڈے بن چکے ہیں۔افواج پاکستان اور پولیس اس ملک کے لئے لازوال قربانیاں پیش کر رہی ہیں۔

حکومت مصلحت پسندی چھوڑ کر بھارت کی دہشت گردی کو پوری دنیا پر بے نقاب کرے، بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیر میں بدترین ظلم و ستم ڈھا رہا ہے اور اس خطہ میں مسلمانوں کو قتل و غارت گری میں الجھانے کی کوششوں میں پیش پیش ہے تاکہ مسلمان اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی مدد نہ کر سکیں، ہمیں ان سازشوں کو بخوبی سمجھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور انکے پسماندگان کو صبر جمیل دے اور زخمیوں کو اللہ تعالیٰ جلد صحت عطاء فرمائے۔شفیق الرحمن نے کہا کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے اور بلوچستان، سندھ و دیگر صوبوں میں دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ وارانہ قتل و غارت گری پروان چڑھانے کیلئے بے پناہ وسائل خرچ کر رہا ہے۔

بھارت افغانستان میں موجود قونصل خانوں سے اپنے ایجنٹوں کو تربیت دیکر پاکستان داخل کر رہا ہے اور مختلف شہروں میں دھماکے اور قتل و غارت کو ہوا دی جارہی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بھارتی دہشت گردی بے نقاب کرنے کیلئے حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ ہمیں ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا اور دشمن کی ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔وطن عزیز پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بیرونی قوتوں کی مداخلت ختم کرنا بہت ضروری ہے، سیاسی قیادت مصلحت پسندی چھوڑ کر جرات کا مظاہرہ کرے اور اس حوالہ سے کسی قسم کے دبائو کا شکار نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جتنا زیادہ ظلم کر رہا ہے تحریک آزادی اسی قدر مضبوط ہو رہی ہے۔کشمیر کا ہر فرد انڈیا کے مقابلے میں میدان میں کھڑا ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ہر ممکن ساتھ دیتی رہے گی۔انہوںنے کہاکہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔مظلوم کشمیریوں کو غاصب بھارت سے آزادی دلانے کیلئے حکومت عوامی جذبات کی ترجمانی کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری و پاکستانی قوم ایک اور وحدت کی علامت ہیں۔کشمیر کی تحریک منزل کی جانب بڑھ رہی ہے،جہاں شہداء کا خون گر جائے اس تحریک کو کوئی کامیابی سے نہیں روک سکتا۔