گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوایس کوٹین کی ملاقات

جمعہ 10 نومبر 2017 20:49

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوایس ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2017ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے جمعہ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوایس کوٹین نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئی مردم شماری کے آئندہ انتخابات پر اثرات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ عوام کی سماجی اور معاشی ترقی خاص طور پر صحت، تعلیم اور صاف پینے کے پانی کے حوالے سے بہتر سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ترقیاتی منصوبوں کو تشکیل دینے اور بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے لئے پائیدار اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ صوبے بھر کے عوام کو تعلیم، صحت اور خاص کر پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سردست صوبے میں زیر زمین پانی کی گرتی ہوئے سطح پر قابو پانے کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس ضمن میں صوبے میں آبای وسائل کی تلاش اور آبپاشی کے شعبے بھی توجہ طلب ہیں۔ یورپی یونین کے سفیر کچھ دیر گورنر کے ہمراہ رہے بعدازاں گورنر بلوچستان کی جانب سے ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔