2013ء میں ہمارے ہاتھ پائوں باندھ دیئے گئے تھے ،اب حالات مختلف ، دھاندلی نہیں ہونے دینگے‘ آصف زرداری

نواز شریف نے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے مینڈیٹ چوری کیا،بلال ، آصفہ اور میں خود انتخابی مہم چلائیں گے ،اب کوئی کیانی ،افتخار چودھری فارمولہ نہیں چلے گا‘ سابق صدر سے فافن کے وفد کی ملاقات ، انتخابی عمل اور ووٹر رجسٹریشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی

جمعہ 10 نومبر 2017 20:33

2013ء میں ہمارے ہاتھ پائوں باندھ دیئے گئے تھے ،اب حالات مختلف ، دھاندلی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ پائوں باندھ دیئے گئے تھے مگر اب حالات مختلف ہیں ، دھاندلی نہیں ہونے دیں گے ، 2018ء کے انتخابات میں ہم سب میدان میں ہونگے ، بلال ، آصفہ اور میں خود انتخابی مہم چلائیں گے ، فافن کی رپورٹس تشویشناک ہیں ، ادارے توجہ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فافن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فافن کے وفد نے انتخابی عمل اور ووٹر رجسٹریشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی ۔ آصف زرداری نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ پائوں باندھ دیئے گئے تھے، مجھے عدالت نے ایوان صدر سے نکلنے نہیں دیا،بلاول پڑھ رہا تھا ،یوسف رضا گیلانی کا بیٹا انتخابات سے چند روز قبل اغواء کر لیا گیا، ہماری پوری قیادت کو دہشتگردوں کے ذریعے انتخابی مہم سے روکا گیا،اب حالات مختلف ہیں ہم سب انتخابی میدان میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمن بلاول بھٹو،میں خود اور آصفہ انتخابی مہم چلائیں گے،اب کوئی کیانی اور افتخار چودھری فارمولہ نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے مینڈیٹ چوری کیا،یہ کیسے ممکن ہے کہ نواز شریف ہر انتخاب میں دو تہائی اکثریت لے۔ آصف زرداری نے کہا کہ فافن کی رپورٹس تشویشناک ہیں ادارے توجہ دیں۔ایک کروڑ بیس لاکھ خواتین ووٹرز کا اندراج نہ ہونا ناقابل قبول ہے،بلوچستان کی کل آبادی کا صرف تیس فیصد ووٹر رجسٹرڈ اور 70 فیصد ووٹر کا اندراج نہ ہونا تشویشناک ہے۔الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ ادارے ایک ایک ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :