وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ریلوے میںکرایوں میں تبدیلی کا نظام متعارف کروانے کی ہدایت

کرایوں میں خودکار کمی بیشی کا جدید نظام پاکستان ریلویز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنایا جائے گا

جمعہ 10 نومبر 2017 20:25

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ریلوے میںکرایوں میں تبدیلی کا نظام متعارف ..
لاہور۔10 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلوے میںکرایوں میں تبدیلی کا نظام( فلوٹنگ فیئرز ماڈل ) متعارف کروانے کی ہدایت کر دی، کرایوں میں خودکار کمی بیشی کا یہ جدید نظام پاکستان ریلویز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنایا جا ئے گا، ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے ایک اجلاس میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دنیا بھر میں عوام کو سفری سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے اس نظام کو کامیابی سے استعمال کر رہے ہیں جو صرف اداروں ہی کے مفاد میں نہیں بلکہ مسافروں کو بھی سہولت اور رعایت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان ریلویز کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کو میکانزم تشکیل دینے کی ہدایت کی جس میں کرائے کا کم یا زیادہ ہونا ٹرین میں موجود سہولیات، نشستوں کی دستیابی اور بکنگ کے وقت سے منسلک ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ کرائے کی اوپر کی حد کو کم سے کم رکھا جائے اوراس ماڈل کو تجرباتی بنیادوں پرکچھ ٹرینوں میں جلد متعارف کروایا جائے تاکہ وہ لوگ جو پہلے سیٹ بک کرواتے ہیں ان کو ٹکٹ سستا دستیاب ہو۔

انہوں نے مزید ہدا یت کی کہ بزرگ شہریوں کو آن لائن بکنگ کی سہولت دی جائے اور اس کا بھی طریقہ کار جلد از جلد وضع کیاجائے تاکہ بزرگوں کو رعایت پر ٹکٹ خریدنے کے لیے ریزرویشن آفس نہ آنا پڑے۔ اجلاس میں ایف اے اینڈ سی اے او ریلوے ڈاکٹرسعید احمدکی طرف سے دی جانے والی بریفنگ میں وزیر ریلویز کو بتایا کہ ریلوے کی آپریٹنگ ریشو اب مزید بہتر ہوگئی ہے جس سے آنے والے وقت میں آمدن میں مزید اضافہ اور خسارے میں کمی واقع ہوگی۔

2012-13میں آپریٹنگ ریشو 200 کے قریب تھی جو اب کم ہوکے 87 رہ گئی ہے یعنی 2013 میں ریلوے 100 روپے کمانے کے لیے 200 خرچ کرتا تھا اور اب صرف 87 روپے خرچ کرکے 100 روپے کماتا ہے۔وزیر ریلویز نے کہا کہ مسافروں کی سہولت، ریلوے آپریشنز اور انفراسٹرکچر پرخرچ کوکم نہ کیا جائے تاکہ کارکردگی متاثرہوئے بغیر آمدن میں اضافہ اور خسارے میں کمی کی جاسکے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی، ممبر فنانس فیصل اسماعیلی، چیف مارکیٹنگ منیجر آغا وسیم سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔