وزیراعلیٰ شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ملاقات

قبل ازوقت انتخابات کے انعقادکا مطالبہ خارج ازامکان،شہبازشریف اورفضل الرحمن میں اتفاق اپنے صوبے میں کچھ نہ کرنیوالے قبل ازوقت انتخابات کا شوشہ چھوڑرہے ہیں‘شہبازشریف

جمعہ 10 نومبر 2017 19:18

وزیراعلیٰ شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے اموراورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے قبل ازوقت انتخابات کے انعقادکے مطالبے کوخارج ازامکان قرار دیا۔ملاقات میں جمہوریت کے استحکام کیلئے مثبت کردارمستقبل میں بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب کو اپنا کردارادا کرنا ہے کیونکہ راوادری ، اتحاد اوراتفاق کی جتنی ضرورت اب ہے پہلے کبھی نہ تھی اورسب کو پاکستان کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ وہ لوگ جو اپنے صوبے میں کچھ نہیں کرسکے اب وہ قبل از وقت انتخابات کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں اور دشنام طرازیاں کرنے والے ان عناصر کی کارکردگی اپنے صوبے میں سب کے سامنے آچکی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ وہ عناصر ہیں جو اپنے صوبے کے عوام کو ڈینگی میں اکیلا چھوڑ کر پہاڑوں پرچڑھ گئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھوٹ اوربے بنیاد الزام تراشی کر کے پاکستان کو جان بوجھ کر نقصان پہنچا یا گیا ہے۔پاکستان کی سیاست میں جھوٹ بولنے والوں کو عوام ووٹ کی طاقت سے آئندہ بھی مسترد کریں گے۔انہوںنے کہا کہ اجتماعی بصیرت اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ملک کو مسائل سے نجات دلانا ہے ۔