وزیراعلیٰ شہبازشریف سے پاکستان کیلئے برطانوی وزیراعظم کے تجارتی ایلچی و رکن برطانوی پارلیمنٹ رحمان چشتی کی ملاقات

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا شہباز شریف نے عوام کی خوشحالی کیلئے بہترین انداز میں کام کیا،توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں ‘رحمان چشتی صوبے میں شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا ، منصوبوں میں اربوں روپے کے وسائل بچائے گئے ہیں‘ وزیر اعلیٰ شہباز شریف

جمعہ 10 نومبر 2017 19:05

وزیراعلیٰ شہبازشریف سے پاکستان کیلئے برطانوی وزیراعظم کے تجارتی ایلچی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں پاکستان کیلئے برطانوی وزیراعظم کے تجارت کے بارے میں ایلچی و رکن برطانوی پارلیمنٹ رحمان چشتی نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رحمان چشتی نے صوبے کے عوام کی فلاح وبہبوداورتوانائی کے شعبہ میں شاندارکارکردگی پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے عوام کی خوشحالی کیلئے بہترین انداز میں کام کیا ہے اورتوانائی بحران کے خاتمے کیلئے بھی شہباز شریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ وزیر اعلیٰ کی کارکردگی سب سے بہترین ہے اور انکی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کیساتھ مستقبل میںبھی مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کومزید فروغ دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان تاریخی اوربہترین تعلقات موجود ہیں اورمسلم لیگ(ن) کی حکومت کے دور میں پاک برطانیہ تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے ۔

برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی اداری( ڈیفڈ)کیساتھ سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے بے مثال پروگرامز کامیابی سے چل رہے ہیں اور آنے والے وقت میں پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے اورمسلم لیگ (ن) نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ دعووں کی بجائے ہم نے ہر لمحہ ملک کی بہتری پر صرف کیا ہے۔

ملک کو اندھیروں سے نکالا ہے اور لوڈشیڈنگ پر قابو پایا ہے۔ توانائی کے منصوبے جنگی بنیادوں پر مکمل کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ توانائی کے منصوبے شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔ زبانی جمع خرچ کی بجائے منصوبوں کو عملی شکل دی ہے۔ منصوبوں میں وقت اور اربوں روپے بچا کر نئے کلچر کی داغ بیل ڈالی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ برطانوی سرمایہ کاروں اورکمپنیوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔ صوبائی وزیر منصوبہ بند ی و ترقیات ملک ندیم کامران ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام کے علاوہ کراچی میں تعینات برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلین برنس بھی اس موقع پر موجود تھیں۔