تین روزہ علامتی بھوک ہڑتال کا اختتام، حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم، رہنما جوئنٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی

ملازمین کے حقوق کامکمل دفاع کیا جائے گا، دانیال عزیز

جمعہ 10 نومبر 2017 18:38

تین روزہ علامتی بھوک ہڑتال کا اختتام، حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 نومبر2017ء) جوائنٹ ایمپلائزایکشن کمیٹی آف پاکستان اسٹیل کی جانب سے 3 نومبر کو ٹرین مارچ اور 8 تا 10 نومبر تک نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر علامتی بھوک ہڑتال کے اختتام پر ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں سید نعیم الحق، محمد یٰسین جامڑو، مرزا مقصود اور عبدالوحید نے خطاب کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری اور اسٹیل ملز کی بحالی تک جدوجہد جار ی رکھنے کا عزم کیا۔

علامتی بھوک ہڑتال کے خاتمے کے بعد ایکشن کمیٹی کے وفد کی نجکاری کے وزیر جناب دانیال عزیزسے انکے دفتر میں ملاقات ہوئی جس میں انہوںنے ایکشن کمیٹی کے وفد کی گذارشات کو توجہ سے سنا اور فرمایا کہ یہ اطلاعات بالکل غلط ہیں کہ پاکستان اسٹیل کی زمین قرض خواہوںکو دی جارہی ہیں یا ملازمین کو نظر انداز کیا جارہا ہے ، انہوںنے یقین دلایا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات اور ماہانہ تنخواہیں وقت پر ادا کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستان اسٹیل کا ایسا حل نکلے کہ یہ ادارہ دوبارہ ملکی معیشت میں نا صرف کردارادا کرے بلکہ اسکی توسیع بھی ہو سکے۔

(جاری ہے)

وفد نے انہیں پاکستان اسٹیل ملز کا دورہ اور تفصیلی میٹنگ کی درخواست کی جسے انہوں نے قبول کر لیااور جلد ہی وقت دینے کا وعدہ کیا۔علامتی بھوک ہڑتال کے آخری دن بھوک ہڑتالی کیمپ پر آنے والے رہنمائوں میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور ممبر قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی، جمیعت علماء اسلام (ف) کی ممبر قومی اسمبلی محترمہ آسیہ ناصر ، تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر اسرار شاہ، نیشنل پارٹی کے راولپنڈی کے صدر لطیف خان نمایاں تھے۔

شاہ محمود قریشی صاحب نے احتجاجی ملازمین کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ملازمین کے حقوق کیلئے ہر فورم پر بات کریں گے ۔ محترمہ آسیہ ناصر نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکی پارٹی نجکاری کے بالکل خلاف ہے اور مزدوروں کے حقوق کی ادائیگی ریاست کی ذمہ داری سمجھتی ہے ، انہوںنے ملازمین سے وعدہ کیاکہ وہ پارلیمنٹ میں تجویز پیش کریں گی کہ پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ملازمین کے حقوق کے لئے پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران کی مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے جو پاکستان اسٹیل کے مستقبل کیلئے جامع تجاویز تیار کرے اور حکومت کو پابند کرے کہ وہ ان پر عمل درآمد کرے۔

محترم اسرار شاہ صاحب نے بھی ملازمین کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایاکہ ان کے بس میں جو کچھ ہو گا وہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :