پرنٹنگ اینڈ گرافکس آرٹس انڈسٹری کی سالانہ عالمی نمائش کا انعقاد 18 نومبر کو ہوگا

جمعہ 10 نومبر 2017 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) پاکستان ایسوسی ایشن آف پرنٹنگ اینڈ گرافکس آرٹس انڈسٹری(PAPGAI) کی سالانہ عالمی نمائش کا انعقاد 18 نومبر سے 20 نومبر کو کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔ اس موقع پر عالمی اور مقامی کمپنیاں اپنی مصنوعات اور خدمات اجاگر کریں گی۔ پاکستان میں پرنٹنگ اینڈ گرافکس آرٹس انڈسٹری کا حجم تقریبا 4.5 ارب ڈالر پر مشتمل ہے جو ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بعد سب سے زیادہ ملک میں ملازمتیں فراہم کررہی ہے اور تقریباً 20 لاکھ افراد صنعت سے منسلک ہیں۔

پرنٹ پاک نمائش 2017 کمیٹی کے چیئرمین، سلمان ہارون نے کہا کہ پرنٹ پاک نمائش 2017ء کے انعقاد کے لیے مقامی اور عالمی کمپنیوں کی طرف سے بڑا حوصلہ جواب دیا گیا ہے اور اسی وجہ سے عالمی کمپنیوں، مندوبین اور وفود کی شرکت سے یہ نمائش پاکستان کی بڑی نمائش میں شمار کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

پرنٹ پاک کی سالانہ نمائش کا انعقاد پاکستان ایسوسی ایشن آف پرنٹنگ اینڈ گرافکس آرٹس انڈسٹری(PAPGAI) اور بدر ایکسپو سلوشنز مشترکہ طور پر کررہے ہیں۔

اب تک نمائش میں شرکت کے لیے مقامی اور عالمی کمپنیوں کا بھرپور جواب ملا ہے ان ملکوں میں امریکا، آسٹریلیا، برطانیہ، چین، جرمنی، بنگلہ دیش، ہیڈلبرگ، نیوزی لینڈ، اور انڈونیشیا شامل ہیں۔چیئرمین پرنٹ پاک سلمان ہارون نے کہا کہ نمائش میں مختلف ملکوں کی شرکت سے نمائش کو کامیاب بنانے میں مدد ملے گی اور اس موقع پر مختلف سیمینار اور ورک شاپس کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک کی معروف جامعات حصہ لیں گی۔ اس میں ڈیجیٹل امیجنگ، میڈیا، پراڈکشن پرنٹنگ، بزنس اور دیگر صنعتی شعبے بھی شامل ہیں۔ PAPGAI اس شعبے کی نمائندہ انجمن ہے جو وزارت تجارت و صنعت اور سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج آف پاکستان میں بھی رجسٹرڈ ہے۔