سعودی عرب پر حملہ اسلام پر حملہ ہے ‘مولانا سید عبد الخبیر آزاد

ْوحدت امہ وقت کی اشد ضرورت ہے ‘امت مسلمہ ایک پلیٹ فارم پر یکجان ہوجائے ‘خطیب بادشاہی مسجد اسلام دشمنوں کے ناپاک عظائم کامیاب نہیں ہونگے ،ارضِ حرمین کیلئے جان بھی قربان ہے ‘جمعةکے اجتماع سے خطاب

جمعہ 10 نومبر 2017 18:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) تاریخی عالمگیری باد شاہی مسجد لاہورمیں جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خطیب مولانا سید عبد الخبیر آزادنے کہا ہے کہ ارض حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،ہمارے مال ہماری جانیں ہماری عزتیں حرمین شریفین کے ساتھ وابستہ ہیں ہم سعو دی عرب کے ساتھ ہیں اورحرمین کی عظمت پر مر مٹنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے ان شاء اللہ العزیز کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

اس موقع پر تمام حاضرین نے سعودی عرب کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا اورانہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔مولانا نے مزید کہا کہ وحدت امہ وقت کی اشد ضرورت ہے ‘امت مسلمہ ایک پلیٹ فارم پر یکجان ہوجائے‘ آج سعودی عرب کو تنہا کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں ،اسلام دشمنوں کے ناپاک عظائم کامیاب نہیں ہونگے ،ارضِ حرمین کیلئے جان بھی قربان ہے‘امت مسلمہ حرمین شریفین اورقبلہ اول بیت القدس مسجد اقصی کی حرمت پر مر مٹنا اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پر اگرکوئی مشکل وقت آیا تو پاکستان کا بچہ بچہ حرمین شریفین پر اپنی جان قربان کرنے سے دریغ نہیں کرے گا ‘مولانا نے حضرت سید علی بن عثمان الہجویری رحمہ اللہ کے سالانہ تقریبات کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سید علی بن عثمان الہجویری اور برزگان دین ‘اولیاء اللہ کی محبت اور ان کا پیغام ہمارے لئے مشعل راہ ہے ان پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم کا میاب ہو سکتے ہیں ‘آخر میں ملکی سلامتی و استحکام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :