محکمہ زراعت کی درآمدی بل کم کرنے کی حکمت عملی مرتب، دالوں کی کاشت میں اضافہ کر کے کسان بھرپور مالی فائدہ حاصل کر سکتا ہے،ترجمان

جمعہ 10 نومبر 2017 17:57

لاہور۔10 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2017ء) محکمہ زراعت کی دالوں کے درآمدی بل کم کو کرنے کے لیے مہم جاری ، دالوں کی کاشت میں اضافہ کر کے کسان بھرپور مالی فائدہ حاصل کر سکتا ہے، محکمہ زراعت کسانوں میں ایسی زرعی اجناس کے فروغ کے لیے مہم چلا رہا ہے جس سے کسان کا مالی منافع زیادہ ہو اور درآمدی بل بھی کم ہو سکے۔ترجمان کے مطابق بھکر ، راجن پور، مظفرگڑھ، جنگ، سمندری، بہاولپور، گجرات، فیصل آباد، میں مسور کی کاشت 15نومبر تک جبکہ کپاس کے تمام علاقوں میں 30نومبر تک کاشت کریں ۔

صحت مند اورخالص بیج اچھی فصل کی بنیاد ہے۔ محکمہ زراعت کی منظورشدہ اقسام کاشت کریں۔ شرح بیج 10سے 12کلوگرام فی ایکڑ رکھیں۔فصل کا معائنہ کرتے رہیں۔جڑی بوٹیوں کی تلفی پر خصوصی توجہ دیں۔

(جاری ہے)

زیادہ پچھیت ہونے کی صورت میں پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ محکمہ زراعت کی سفارش کردہ اقسام مسور93، نیاب مسور 2002، نیاب مسور 2006 ، پنجاب مسور 2009 ، چکوال مسوراور مرکز2009 کاشت کریں۔

بوائی کے وقت ایک بوری ڈی اے پی یا ایک بوری ٹرپل سپر فاسفیٹ + ٰبوری یوریا +ایک بوری ایس او پی فی ایکڑ ڈالیں۔ستمبرکاشتہ کماد میں بھی مسور کی مخلوط کاشت اچھے نتائج کی حامل ہے۔مخلوط کاشت کے لیے 5تا6کلوگرام بیج کافی ہوتا ہے ۔ اس طرح ستمبر کاشتہ کماد میں مسور کی 10سے 12من فی ایکڑپیداوار حاصل کی جاسکتی ہے اور کماد کی پیداوار پر بھی اچھی اثر پڑتا ہے۔