الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 25 پر عمل درآمد شروع کردیا

شہری شناختی کارڈ بنواتے وقت مستقل یا عارضی پتہ پر ووٹ کے اندراج کا انتخاب کر ینگے عوام شناختی کارڈ بنواتے وقت نادرا سینٹر کے عملہ سے تعاون کریں ،ووٹ خواہش کے مطابق متعلقہ انتخابی فہرست میں درج کرنے کیلئے درست پتہ فراہم کریں، چیف الیکشن کمشنر

جمعہ 10 نومبر 2017 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 25 پر عمل درآمد شروع کردیا ہے جس کے تحت اب شہری شناختی کارڈ بنواتے وقت مستقل یا عارضی پتہ پر ووٹ کے اندراج کا انتخاب کر ینگے۔ اب نادرا ان افراد کے کوائف الیکشن کمیشن کو مہیا کرے گا تاکہ ان کے ووٹ کا اندراج منتخب کردہ پتہ پر کیا جاسکے۔

اس سلسلے میں جمعہ کو ایک باوقار تقریب نادرا میگا سینٹر اسلام آباد میں منعقد کی گئی جس کے مہمانِ خصوصی چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان جسٹس سردار محمد رضا تھے۔تقریب میں سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ، چیئرمین نادرا، الیکشن کمیشن اور نادرا کے احکام نے بھی شرکت کی۔ عزت مآب چیف الیکشن کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لئے ایک تاریخی دن ہے اب لوگوں کی سہولت کے پیش نظر شناختی کارڈ بنواتے وقت اٴْن کی رائے لی جائے گی تاکہ وہ اپنا ووٹ شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ پر درج کرواسکیں۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنرنے اپنے خطاب میں نادرا کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت کی تعریف کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شناختی کارڈ بنواتے وقت نادرا سینٹر کے عملہ سے تعاون کریں اور اپنا درست پتہ فراہم کریں تاکہ اٴْن کا ووٹ ان کی خواہش کے مطابق متعلقہ انتخابی فہرست میں درج کیا جاسکے۔خطاب کے بعد انہوں نے ووٹ درج کروانے کے نئے نظام کا باقاعدہ افتتاع کیا۔