ایف پی سی سی آئی کی صدارت کیلئے تین امیدوار،یو بی جی قیادت پریشان، صدارتی امیدوار کا اعلان اکیس نومبر کوکیا جائے گا

جمعہ 10 نومبر 2017 17:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 نومبر2017ء)اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے چئیرمین افتخار علی ملک نے لیڈر شپ کا حق ادا کرتے ہوئے گروپ کو بکھرنے کے بچا لیا۔ تین سال سے ایف پی سی سی آئی کا الیکشن جیتنے والے گروپ میں امسال اس وقت دراڑیں پڑیں جب ایف پی سی سی آئی کے صدارت کیلئے چھ امیدوار سامنے آ گئے جن میں سے کوئی بھی کسی کے حق میں بیٹھنے کو تیار نہ تھا اور اس گروپ کااتحاد اور مستقبل مخدوش نظر آ رہا تھا۔

افتخار علی ملک نے اس صورتحال میں گھبرانے کے بجائے تمام امیدواروں سے مشاورت شروع کر دی اور کئی ماہ کی کوششوں کے بعد تین امیدواروں کو صدارت کی دوڑ سے دستبردار کرانے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس دوران بزنس مین پینل نے چار سال میں پہلی بار ایف پی سی سی آئی کی صدارت کیلئے اپنے امیدوار کے اعلان میں یو بی جی پر سبقت حاصل کر لی جس سے یو بی جی کی قیادت پر دبائو بڑھ گیا۔

اس پر افتخار علی ملک نے ایف پی سی سی آئی کی صدارت کیلئے باقی تین امیدواروں جن میں پشاور کے تاجر رہنماغضنفر بلور، مردان کے حاجی نسیم الرحمان اورہری پور چیمبر کے نامزد امیدوار عاطف اکرام شیخ شامل تھے اور گروپ کے دیگر ذمہ داروں کو لاہور طلب کر لیا اور باہمی مشاورت سے یو بی جی کی کور کمیٹی کے فیصلہ پر اتفاق رائے ہو گیا جسکے بعد یو بی جی کے چئیرمین افتخار علی ملک نے اکیس نومبر کو لاہور میں اپنے گھر میں گروپ کا ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس کے بعد یو بی جی کی کور کمیٹی کے چون ممبران کے مابین ووٹنگ ہو گی اور کامیاب ہونے والے میدوار کو یو بی جی کاصدارتی امیدوار نامزد کر دیا جائے گا۔