آرمی چیف اور وزیراعظم کا ایل اوی سی کا دورہ ، بھارتی فائرنگ کی مذمت، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے، امدادی رقم میں اضافے کا اعلان

پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، مادر وطن اور آزاد کشمیر کے لوگوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں،افواج پاکستان کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں، مشرقی سرحد سے خطرے کے باوجود انسداد دہشت گردی میں کامیابی سنگ میل ہے ہم اسکے ساتھ ساتھ امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،وزیراعظم وزیراعظم کی بھارتی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے ملاقات، شہداء اور زخمی افراد کے خاندانوں کیلئے معاوضہ بڑھانے کا اعلان ، شہری آبادی کے تحفظ کیلئے بنکرز کی تعمیر کی بھی منظوری دی،آئی ایس پی آر آرمی چیف کی بھارتی فائرنگ سے زخمی لڑکی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت

جمعہ 10 نومبر 2017 17:47

آرمی چیف اور وزیراعظم کا ایل اوی سی کا دورہ ، بھارتی فائرنگ کی مذمت، ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، مادر وطن اور آزاد کشمیر کے لوگوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں،افواج پاکستان کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں، مشرقی سرحد سے خطرے کے باوجود انسداد دہشت گردی میں کامیابی سنگ میل ہے ہم اسکے ساتھ ساتھ امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آری چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لائن آف کنٹرول میں چڑی کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

جنرل آفیسر کمانڈنگ کی جانب سے وزیراعظم کو ایل او سی کی صورتحال پر اور بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور شہری آباد ی کو نشانہ بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیاکہ بھارت فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے بھی ملاقات کی اور شہداء اور زخمی افراد کے خاندانوں کیلئے معاوضہ بڑھانے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کا عزم اور حوصلہ قابل تعریف ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے شہری آبادی کے تحفظ کیلئے بنکرز کی تعمیر کی بھی منظوری دی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی فائرنگ میں زخمی لڑکی جس کی ٹانگ ضائع ہوگئی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔بعدازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل او سی پر تعینات جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مادر وطن کی حفاظت اور آزاد کشمیر کے لوگوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ افواج پاکستان کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں، مشرقی سرحد سے خطرے کے باوجود انسداد دہشت گردی میں کامیابی سنگ میل ہے ہم اسکے ساتھ ساتھ امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ۔اس سے قبل کورکمانڈر راولپنڈی نے وزیراعظم اور آرمی چیف کا استقبال کیا۔