ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والے عوامل کے خلاف اقدامات کومزید بہتر اورفعال بنایا جا رہا ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان

جمعہ 10 نومبر 2017 17:15

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والے عوامل کے خلاف جاری اقدامات کو مزید بہتر اور فعال بنایا جا رہا ہے اس ضمن میں ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے عوامی آگاہی مہم کے ذریعے لوگوں میں اپنے ماحول کے تحفظ کا احساس پیدا کیا جارہا ہے ۔سردی کے موسم میں ہونے والی سموگ اور دھند کے تدارک کے لیے پہلے سے ہی اقدامات کیے جارہے ہیں اور ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کے لیے بھٹہ ایسوسی ایشن اور انڈسٹریز کو ایس او پیز جاری کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی سطع پر آلودگی کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے ،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر اقبال حسین خان نے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لئے ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے ، پانی معمول سے زیادہ پیا جائے ، گھر سے باہر رہنے والے افراد اپنی آنکھوں کو پانی کے ساتھ صاف کریں اور ڈرائیونگ اختیاط سے کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کے وزیراعلیٰ پنجاب میں محمد شہباز شریف نے فضائی آلودگی کی روک تھام کے لئے محکمہ ماحولیات سمیت دیگر ڈیپارٹمنٹس کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ آگاہی مہم میں ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لال حسین خان اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال موجود تھے ۔