فاروق ستار کا نئے صوبے کا نعرہ سندھ میں رہنے والوں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کی سازش ہے،نثار کھوڑو

سندھ میں نئے صوبے سے متعلق کسی کا خواب پورا نہیں ہوگا،سندھ صوبہ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا،سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت

جمعہ 10 نومبر 2017 17:44

فاروق ستار کا نئے صوبے کا نعرہ سندھ میں رہنے والوں کے درمیان نفرتیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدراور سینئر وزیر نثاراحمدکھوڑو نے کہاہے کہ ڈاکٹرفاروق ستار کا نئے صوبے کا نعرہ سندھ میں رہنے والوں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کی سازش ہے، نئے صوبے کی باتیں کرنا تعصب پرست سوچ کی عکاسی ہیں ۔سندھ میں نئے صوبے سے متعلق کسی کا خواب پورا نہیں ہوگا،سندھ صوبہ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوںنے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ فاروق ستار عوام کوبتائیں کہ وہ نئے صوبے کا نعرہ بھی کسی کے دبائو میںآکر لگارہے ہیں انھوںنے کہا کہ سندھ کی عوام کا ایک ہی آواز ہے کہ مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں اس لیئے نئے صوبے کا نعرہ لگانے والے ایسی باتیں کرکے عوام کو بیوقوف بنانا بند کریںاور عوام اب ان کے ڈرامے میں کبھی نہیں آئے گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان اور پی ایس پی کا اتحاد اگر کسی دبائو کا نتیجہ ہے تو ڈاکٹر فاروق ستار عوام کے سامنے یہ واضع کریںکہ ان پر کس کا دبائو ہے ۔اگر ان پر اداروں کا دبائو ہے تو وہ بھی واضع کریں ۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے پی ایس پی سے اتحاد کسی دبائو کے تحت ہونے کا اعتراف کرنے کے بعد مصطفیٰ کمال کیوں خاموش ہیں وہ بھی بتائیں کہ کیا وہ اب کسی کے حکم پر سیاست کر رہے ہیں۔

نثا رکھوڑو نے کہا کہ اگر دونوں جماعتیں کسی دبائو کے نتیجے میں کسی کے حکم پر سیاست کررہی ہیں تو کراچی کی عوام ان کے ڈرامے میں نہیں آئیں۔نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ اگر ادارے سیاست میں ملوث ہورہے ہیں تو وہ بھی اس کی وضاحت کریں اور اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔