پاک ترک دو طرفہ سرمایہ کاری ، تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میںپاک ترک دو طرفہ تعلقات میں مزید استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے، گورنر سندھ دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں،ایم بالٹا کی قیادت میں ترک وفد سے گفتگو

جمعہ 10 نومبر 2017 17:44

پاک ترک دو طرفہ سرمایہ کاری ، تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے ابھرتا پاکستان نمائش میں شرکت کرنے والے ترک وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ وفد میں ترکی کے اقتصادی ، معاشی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک تھے ۔ وفد کی سربراہی ترکی کے معروف سرمایہ کار ایم بالٹا کررہے تھے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ترک دو طرفہ برادرانہ تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم اور مضبوط ہو رہے ہیں ،ترکی نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی جسے قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، ترکی کی تعمیر و ترقی سے پاکستان بہت کچھ سیکھ سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی اور خطہ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میںپاک ترک دو طرفہ تعلقات میں مزید استحکام ، مختلف شعبوں میں تعاون اوردوطرفہ وفود کے تسلسل سے تبادلے وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو ا ہے ، ابھر تا پاکستان نمائش میں غیر ملکی وفود کی بڑی تعداد میں شرکت امن و امان کے قیام پر واضح اعتماد کا مظہر ہے اس ضمن میں اقتصادی و معاشی شعبہ سے وابستہ ترک وفد کی نمائش میں شرکت خوش آئند ہے ۔گورنر محمد زبیر نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی سمیت معاشی سرگرمیوں میں اضافہ پر مرکوز ہیں ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد پاکستان دنیا کی بڑی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا ،یہی وجہ ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، ترک سرمایہ کا ر بھی صوبہ اور شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کار ی کریں اس ضمن میں حکومت ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی ۔

ملاقات میں سربراہ ترک وفد ایم بالٹا نے کہا کہ پاکستانی بھائیوں کے لئے ترک عوام کا نیک خواہشات کا پیغام لے کر آیا ہوں ، ترک عوام اپنے پاکستانی بھائیوں سے والہانہ محبت رکھتے ہیں ، بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں ترکی و پاکستان کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری ، تجارت اور دیگر معاشی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :