وزیراعظم اور آرمی چیف کا چری کوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ ، لائن آف کنٹرول پر تازہ صورتحال، بھارت کی جانب سے آبادی پر فائرنگ ، پاک فوج کی جانب سے موثر جواب پر بریفنگ ،آئی ایس پی آر

معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور غیر پیشہ وارانہ سوچ ہے، پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ،پاک فوج مادر وطن اور آزاد کشمیر کے عوام کا بڑی جرات کیساتھ دفاع کررہی ہے، شاہد خاقان عباسی دہشت گردی کیخلاف جنگ اور امن کی بحالی کیلئے حکومت کی موجودہ پالیسی جاری رہے گی، قوم کی مدد سے پاکستان میں پائیدار امن اور استحکام کا مقصد حاصل کیا جائیگا،وزیراعظم آرمی چیف کی بھارتی فوج کی فائرنگ سے ٹانگ سے معذور ہونیوالی لڑکی کا علاج راولپنڈی کے فوجی ہسپتال میں کرنے کی ہدایت

جمعہ 10 نومبر 2017 17:13

وزیراعظم اور آرمی چیف کا چری کوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور غیر پیشہ وارانہ سوچ ہے، پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ،پاک فوج مادر وطن اور آزاد کشمیر کے عوام کا بڑی جرات کیساتھ دفاع کررہی ہے۔

دہشت گردی کیخلاف جنگ اور امن کی بحالی کیلئے حکومت کی موجودہ پالیسی جاری رہے گی۔ قوم کی مدد سے پاکستان میں پائیدار امن اور استحکام کا مقصد حاصل کیا جائیگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاک فو ج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو چری کوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم کو جنرل آفیسر کمانڈر نے لائن آف کنٹرول پر تازہ صورتحال، بھارت کی جانب سے آبادی پر فائرنگ اور پاکستانی فوج کی جانب سے انہیں موثر جواب دینے سے متعلق بریفنگ دی ۔اس موقع پر وزیراعظم نے بھارتی فوج کی جانب سے معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں کو نشانہ بنانا غیر پیشہ وارانہ سوچ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔

وزیراعظم نے شہدا کے خاندان کے افراد اور بھارتی شیلنگ کے نتیجے میں زخمیوں ہونیوالوں سے ملاقات کے دوران ان کے عزم کو سراہا اور شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔وزیراعظم نے لوگوں کے تحفظ کیلئے بنکرز بنانے کی بھی منصوبے کی منظوری دی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک ٹانگ سے معذور ہونیوالی لڑکی کا علاج راولپنڈی میں پاک فوج کے زیر انتظام چلنے والے ہسپتال میں کرنے کی ہدایت کی جہاں زخمی لڑکی کو مصنوعی ٹانگ لگائی جائیگی۔

بعد ازاں وزیراعظم نے لائن آف کنٹرول پر فوجیوں سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے فوجیوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اپنے مادر وطن اور آزاد کشمیر کے عوام کا بڑی جرات کیساتھ دفاع کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی فوج پاکستانی فوج کے برابر نہیں ہے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ اور امن کی بحالی کیلئے حکومت کی موجودہ پالیسی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی مشرقی سرحد پر موجودہ خطرات کے باوجود جاری رکھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی مدد سے پاکستان میں پائیدار امن اور استحکام کا مقصد حاصل کیا جائیگا۔قبل ازیں وزیراعظم اور آرمی چیف کے پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا۔