آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، انتخابات کیلئے شفاف انتخابی فہرستیں تیار کرنا چاہتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا

جمعہ 10 نومبر 2017 16:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2017ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے کہا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، انتخابات کیلئے ایسی شفاف انتخابی فہرستیں تیار کرنا چاہتے ہیں تاکہ کوئی سیاسی جماعت یا امیدوار اس کی شفافیت پر انگلی نہ اٹھا سکے جبکہ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا قومی شناختی کارڈ بنواتے وقت نادرا کے عملہ سے تعاون کرتے ہوئے اپنا درست پتہ فراہم کریں تاکہ ان کا ووٹ خواہش کے مطابق متعلقہ انتخابی فہرست میں درج کیا جا سکے۔

وہ جمعہ کو یہاں نادرا میگا سنٹر اسلام آباد میں ووٹ درج کرانے کے نئے نظام کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب خان، الیکشن کمیشن اور نادرا کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے انتخابی قانون 2017ء کی دفعہ 25 پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے جس کے تحت اب شہری شناختی کارڈ بنواتے وقت مستقل یا عارضی پتہ پر ووٹ کے اندراج کا انتخاب کریں گے، اب نادرا ان افراد کے کوائف الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گا تاکہ ان کے ووٹ کا اندراج منتخب پتہ پر کیا جا سکے۔

چیف الیکشن کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج الیکشن کمیشن کیلئے ایک تاریخی دن ہے، اب لوگوں کی سہولت کے پیش نظر شناختی کارڈ بنواتے وقت ان کی رائے لی جائے گی تاکہ وہ اپنا ووٹ شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ پر درج کرا سکیں۔ انہوں نے نادرا کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنا قومی شناختی کارڈ بنواتے وقت نادرا کے عملہ سے تعاون کرتے ہوئے اپنا درست پتہ فراہم کریں تاکہ ان کا ووٹ خواہش کے مطابق متعلقہ انتخابی فہرست میں درج کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :