سائنس اقتصادی‘سیاسی اور سماجی نمو و وسعت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،ْ شاہد خاقان عباسی

جمعہ 10 نومبر 2017 16:50

سائنس اقتصادی‘سیاسی اور سماجی نمو و وسعت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سائنس اقتصادی‘سیاسی اور سماجی نمو و وسعت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، قومی ترقی کیلئے حکومت‘ نجی شعبہ‘ اکیڈمیہ اور دانشور ملکر کام کریں، تعلیم و سائنس کے شعبہ پرتوجہ دے کر پاکستان بہت جلد دنیا کی ترقی یافتہ اقوام میں اپنا جائز مقام حاصل کرسکتا ہے۔

وزیراعظم نے عالمی یوم سائنس برائے امن و ترقی 2017ء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سائنسی دریافت انسانی ترقی و خوشحالی کا ایک بنیادی محرک رہی ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ سائنسی تحقیق پسندی اسلامی دنیا کی میراث رہی ہے، مسلمان دانشوروں نے یورپ کے تاریخی ادوار کے دوارن بھی سائنسی علم اور تحقیق کے جذبہ کو زندہ رکھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ لاہور کے ایک نوجوان محمد شہیر نیازی کی حالیہ شاندارکامیابی جس میں محض17 سال کی عمر میںان کے رائل سوسائٹی اوپن سائنس جرنل میں مقالے کی اشاعت نے ہمارے لوگوں کی زبردست صلاحیت کی یادہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یوم سائنس کا موضوع ’’سائنس فار گلوبل انڈرسٹینڈنگ ‘‘ بہت برمحل ہے، پاکستان کے پاس سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دنیا کو پیش کرنے کیلئے بہت کچھ ہے جبکہ وہ دوسرے ممالک سے بھی بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صحت عامہ‘ انجینئرنگ اور کمپیوٹر سافٹ ویئر جیسے شعبوں میں پاکستان کے طریقہ ہائے کار عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، ہر سال پبلک پالیسی کے معاملات میں نئے چیلنجز سے سائنسی طریقے سے نمٹا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں پاکستانی سائنس دانوں اور حکام نے پولیواور ڈینگی بخار جیسے امراض کے اثرات پرملکر بہتر طریقے سے قابو پایا ہے‘ پنجاب میں سموگ کی حالیہ صورتحال بھی ایک نیا ماحولیاتی چیلنج ہے جس پر قابو پانے کیلئے ہمارے سائنس دان کام کررہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ ہم اس مسئلہ پر بھی جلد قابو پالیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سائنس اقتصادی ‘سیاسی اور سماجی نمو و وسعت کیلئے پہلے سے بھی زیادہ بنیادی اہمیت رکھتی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اس تناظر میں حکومت پاکستان ہمارے معاشرے اور معیشت کو تعلیم بالخصوص سائنسز کے شعبہ میں برتری کو مستقبل میں بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

اس سلسلے میں پورے معاشرے میں تعاون و ہم آہنگی کی ضرورت ہے تاکہ حکومت‘ نجی شعبہ‘ اکیڈمیہ اور دانشور قومی ترقی کیلئے ملکر کام کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اپنے عوام پر اعتماد ہے، اپنے بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم پر توجہ اور سائنس کے شعبہ میں تحقیق و سکالر شپ کی روایت کو مضبوط بناتے ہوئے پاکستان بہت جلد دنیا کی ترقی یافتہ اقوام میں اپنا جائز مقام حاصل کرلے گا۔

متعلقہ عنوان :