علم نہیں تھا پی ایس پی اور متحدہ کے درمیان اتنی جلدی طلاق بھی ہو جائیگی،

فاروق ستار کا بھی متحدہ بانی جیسا انداز تھا، منظور وسان

جمعہ 10 نومبر 2017 15:57

علم نہیں تھا پی ایس پی اور متحدہ کے درمیان اتنی جلدی طلاق بھی ہو جائیگی،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) سندھ کی حکمران اور اپوزیشن جماعتوں نے ایم کیوایم اور پی ایس پی کی علیحدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ فاروق ستار متحدہ بانی کے جا نشین ہیں، ان کو اپنے بانی سے جو تربیت ملی ویسا ہی فیصلہ کیا۔ سندھ کو 2 حصوں میں تقسیم نہیں ہونے دیںگے۔پیپلز پارٹی کے رہنمااور سندھ کے وزیر تجارت منظور وسان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ علم نہیں تھا کہ پی ایس پی اور متحدہ کے درمیان اتنی جلدی طلاق بھی ہو جائے گی۔

فاروق ستار کا بھی متحدہ بانی جیسا انداز تھا۔ معلوم تھا فاروق ستار 3 گھنٹے بعد استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کریں گے۔ ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی شہلا رضا نے اپنے ردعمل میں کہاکہ کراچی کے عوام امن چاہتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے ہر چیلنج کا سامنا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فاروق ستارنے بانی ایم کیوایم کی سیاست کی روایت دہرائی ہے، پیپلزپارٹی نے تین گھنٹے خوب انجوائے کیے۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے اندرسے آوازیں آرہی ہیں کہ چھوٹا چتن کے فیصلے قبول نہیں۔ انہوں نے کہاکہ فاروق ستارکابسترگول ہوگیاتھا، اب کھل گیا، مصطفی کمال کابسترپھرگول ہونے لگاہے۔پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کنفیوژن کا شکار ہے، فاروق ستار نے متحدہ بانی کے جا نشین ہونے کا ثبوت دیا، متحدہ کو پتا ہی نہیں کہ اسے جانا کہاں ہے۔

انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کے دروازے سب کیلئے کھلے رہیں گے۔پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ فاروق ستار کو اپنے بانی سے جو تربیت ملی ویسے ہی فیصلہ کیا، یہ کراچی کی بہتری کے لئے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف، عشرت العباد چلتی ٹرین میں چھلانگ مارنے والوں میں سے ہیں، جو کارتوس نا کام ہو چکے ہیں ان کو بھلا دینا چاہیے۔فنکشنل لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہاکہ پہلے اتحاد ہوا اب ایک اور ڈرامہ چل گیا۔انہوں نے کہاکہ ہم سندھ کو 2 حصوں میں تقسیم نہیں ہونے دیںگے۔ایسا جاری رہا تو خون خرابے کا خدشہ ہے۔