علامہ اقبالؒ کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک علیحدہ وطن کے حصول کی تحریک پیدا کی‘ منشاء اللہ بٹ

جمعہ 10 نومبر 2017 15:07

علامہ اقبالؒ کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک علیحدہ وطن کے حصول ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2017ء) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ آئیے یوم اقبالؒ کے موقع پر عہد کریں کہ پاکستان کو قائدؒ و اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے او رملک سے کرپشن، اقربا پروری اور ناانصافی کا خاتمہ کریں گے۔ ہمیں یہ سفر مل کر طے کرنا ہے اور محنت، امانت اور دیانت کے اصول اپنا کر آگے بڑھنا ہے اور پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانا ہے۔

انہوں نے مقامی سکول میں یوم اقبال پر منعقدہ مقابلہ تقریر میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں یوم اقبالؒ پر عہد کرنا چاہیے کہ ہم سب صدق دل اور ایمانداری سے 21 کروڑ عوام کی خدمت کریں گے اور انصاف کا بول بالا کریں گے۔

(جاری ہے)

علامہ اقبالؒ کی ولولہ انگیز شاعری، افکار اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم جدوجہد اور فرمودات ہونے کے باوجود ہم پستی کا شکار ہیں اور غریب عوام کو تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، انصاف اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں ناکام ہیں۔

منزل کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹیں تساہل، کرپشن کلچر، غیر منصفانہ احتسابی عمل، میرٹ کی پامالی اور اقربا پروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت، امانت اور دیانت کے سنہری اصول اور قائدؒ و اقبالؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ہی قیام پاکستان کے مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ علامہ اقبالؒ کی شاعری ، افکار اور فرمودات کسی مخصوص وقت کے لئے نہیں اور ان کی شاعری زمان و مکاں کی قید سے آزاد ہے اور آج ہمیں ان اشعار اور فرمودات سے رہنمائی لینی چاہیئے کیونکہ اقبالؒ کا فلسفہ آج بھی ہماری بقا کا ضامن ہے ۔

انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ علامہ اقبالؒ کی شاعری سے نہ صرف دنیا کے اربوں مسلمانوں بلکہ پوری دنیا کو روشنی اور رہنمائی ملتی ہے۔ محنت، امانت اور دیانت کے اصول ہی علامہ اقبالؒ کی شاعری کا نچوڑ ہیں اور ہماری منزل کے حصول کا ذریعہ بھی۔ میرا ایمان ہے کہ محنت، دیانت اور امانت کے زیور کو اگر ہم اپنالیں تو پاکستان قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان ضرور بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے عمل میں کوتاہی ہے، ہم تساہل سے کام لیتے ہیں اور یہی ہمارے پیچھے رہ جانے کی وجوہات ہیں۔ محنت، امانت اور دیانت کے سنہری اصولوں کو اپنالیں تو آج اپنی منزل پالیں گے۔ علامہ اقبالؒ کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک علیحدہ وطن کے حصول کی تحریک پیدا کی اور ان کے خواب کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں عظیم جدوجہد کے نتیجے میں عملی تعبیر ملی۔

متعلقہ عنوان :