سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی اپیل کی سماعت کے لیے بنچ تشکیل دے دیا-سماعت13نومبر سے شروع ہوگی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 10 نومبر 2017 11:01

سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی اپیل کی سماعت کے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10نومبر۔2017ء) سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی اپیل کی سماعت کے لیے بنچ تشکیل دے دیا ہے۔سپریم کورٹ نے نیب کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ قومی احتساب بیورو نے شریف فیملی کے خلاف حدیبیہ پیپرز ملز مقدمے کو دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 13 نومبر پیر کو سماعت کریگا۔ بینچ میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس دوست محمد بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ نیب نے 20 ستمبر کو اپیل دائر کی تھی جس میں نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، شمیم اختر اور صبا عباس کو فریق بنایا گیا ہے۔نیب حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے حقائق کو دیکھے بغیر اس کیس میں فیصلے دیے۔

(جاری ہے)

پاناما لیکس کی جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں نئے حقائق سامنے آئے ہیں اس لیے ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نیب کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا جائے۔لاہور ہائیکورٹ نے حدیبیہ پیپرز ملزکیس میں نیب کی تحقیقات کو کالعدم قرار دیدیا تھا جب کہ یہ معاملہ پاناما پیپرز کیس کی سماعت میں بھی زیر بحث آیا تھا۔ حدیبیہ پیپرز ملز کے مقدمے میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعترافی بیان دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ شریف بردران کے لیے منی لانڈرنگ میں ملوث تھے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے شریف برادران کےخلاف حدیبیہ پیپرز ملز ریفرنس خارج کردیا تھا،جس کے بعد پاناما پیپر کیس کے دوران سپریم کورٹ کے فل بنچ کی آبزرویشن پر نیب نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔

متعلقہ عنوان :